کسی خلاف ورزی میں نہ ملوث افراد کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان

دبئی میں اقامتی قوانین کی پابندی کرنے والے افراد کو تسلیم کرتے ہوئے اس اقدام کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 اکتوبر 2024 16:21

کسی خلاف ورزی میں نہ ملوث افراد کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر 2024ء ) دبئی نے گزشتہ 10 سالوں میں کسی بھی قسم کی ویزہ خلاف ورزی میں نہ ملوث ہونے والے افراد کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) نے اعلان کیا ہے کہ دبئی کے رہائشی اور اماراتی اسپانسرز جنہوں نے گزشتہ 10 سالوں میں رہائشی قوانین یا پرمٹ کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے، ایسے افراد یکم نومبر سے شروع ہونے والے خصوصی مراعات سے لطف اندوز ہوں گے، اس اقدام کو 'آئیڈیل فیس (ٰIdeal Face)' کا نام دیا گیا ہے، اس کے ذریعے ان تمام لوگوں کو تسلیم کیا گیا ہے جو متحدہ عرب امارات کے رہائشی قوانین کی پابندی کرتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو جو خصوصی فوائد حاصل ہوں گے ان میں آمر کال سینٹر سے رابطہ کرتے وقت ترجیحی کال سروس، آمر مراکز پر انتظار سے بچنے کیلئے خصوصی سروس، 'آئیڈیل فیس' ڈیجیٹل تعریفی سرٹیفکیٹ اور موبائل سروس گاڑی کے ذریعے بزرگ شہریوں کو ان کی رہائش گاہوں پر خدمات پیش کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ان مراعات کے لیے اہلیت کا معیاریہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کا شہری یا غیر ملکی رہائشی ہونا ضروری ہے، دبئی میں کم از کم 10 سال مقیم ہونا ضروری ہے، ایک یا زیادہ افراد کا کفیل ہونا چاہیئے جنہوں نے پچھلے 10 سالوں میں رہائش کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، سپانسر کے پاس موجودہ سال میں کوئی ریکارڈ شدہ رہائشی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیئے۔

دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے رہائشی قوانین کی پابندی جاری رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کمیونٹی کے تمام اراکین کو سماجی تحفظ اور حفاظت کو تقویت دینے کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرتا ہے، جی ڈی آر ایف اے نے تمام شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رہائشی قوانین کے ساتھ اپنی مسلسل وابستگی کا عہد کرتے ہوئے اس اقدام میں حصہ لیں۔

جی ڈی آر ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا کہ "ایک خوش اور پائیدار معاشرے کے متحدہ عرب امارات کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سلامتی اور حفاظت بنیادی ستون ہیں، 'آئیڈیل فیس' اقدام ان افراد کو نمایاں کرتا ہے جو قوانین کی تعمیل کرتے ہیں اور متحدہ عرب امارات کی روشن تصویر کی نمائندگی کرتے ہیں، یہ ہر ایک کو مثبت طرز عمل اپنانے اور استحکام اور سلامتی کے حصول میں اپنا حصہ ڈالنے کی بھی ترغیب دیتا ہے، تمام شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ ہے وہ رہائشی قوانین کے ساتھ اپنی مسلسل وابستگی کا عہد کرتے ہوئے اس اقدام میں حصہ لیں"۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں