دبئی میں ہوٹل میں آگ لگنے سے 2 افراد ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی دبئی سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 نومبر 2024 11:05

دبئی میں ہوٹل میں آگ لگنے سے 2 افراد ہلاک
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 نومبر 2024ء ) دبئی میں ہوٹل میں آگ لگنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق ہفتے کے روز صبح کے وقت دبئی میں نائف کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جہاں دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث دو افراد ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملی تو فوری طور پر صرف چھ منٹ کے اندر دبئی سول ڈیفنس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے اور عمارت میں موجود لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا تاہم اس دوران دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 2 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی جانب سے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

چند روز قبل سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں واقع انٹرنیشنل مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، آتشزدگی کا یہ واقعہ اتوار کے روز صبح کے وقت پیش آیا، جس کی وجہ سے علاقے میں ہر طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے اور مارکیٹ سے اٹھنے والا دھواں دور دور تک دکھائی دینے لگا، جدہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں آگ لگنے سے چھت اور جنوبی شیڈ کے کچھ حصے گرگئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی گئیں، مقامی حکام اور ہنگامی خدمات کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور قریبی رہائشیوں اور کاروباری اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر جائے وقوعہ پر موجود تھیں، فوری طور پر واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں