دبئی میں نئی ایئرلائن شروع کرنے کا اعلان‘ مفت سفر کی پیشکش

نئی فضائی کمپنی کی جانب سے ابتدائی طور پر 6 مقامات کے لیے پروازوں کا بتایا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 نومبر 2024 16:04

دبئی میں نئی ایئرلائن شروع کرنے کا اعلان‘ مفت سفر کی پیشکش
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 نومبر 2024ء ) دبئی کی داماک پراپرٹیز کی جانب سے لگژری ایئرلائن سروس شروع کی جائے گی، جس کے لیے رجسٹر کرنے والوں کو مفت سفر کی پیشکش کردی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کے سب سے بڑے پرائیویٹ ڈویلپرز میں سے ایک داماک پراپرٹیز اپنی لگژری فضائی کمپنی داماک ایئر شروع کرنے کے لیے تیار ہے، داماک ایئر متحدہ عرب امارات کے کسی پرائیویٹ ڈویلپر کی جانب سے قائم کردہ پہلی ایئرلائن ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ جلد آنے والی اس نئی ایئرلائن نے ابتدائی طور پر چھٹیاں گزارنے کیلئے مطلوب 6 مقامات کی پروازوں کا اعلان کیا ہے جن میں سیشلز، مالدیپ، بالی، بورا بورا، فجی اور ہوائی شامل ہیں، اس حوالے سے داماک کی جانب سے سوشل میڈیا چینلز پر ٹیزر ویڈیوز اور مواد جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ایئرلائن کی جانب سے ویب سائٹ پر رجسٹر ہونے کے بعد مفت سفر جیتنے کا موقع بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ داماک ایئر سفر سے کچھ بڑھ کر ہے، یہ ایک طرز زندگی ہے جو گھریلو آرام کے ساتھ غیرملکی سنسنی کو ملاتی ہے، ہم صرف یہ نہیں بدل رہے ہیں کہ آپ کس طرح چھٹیاں گزارتے ہیں، ہم آپ کے رہنے کے طریقے کو تبدیل کر رہے ہیں، ہم عیش و آرام کے ایک نئے دور میں خوش آمدید کہتے ہیں جہاں خوابوں کے حصول کا انتظار ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ دبئی اس وقت اعلیٰ مالیت والے افراد کے لیے ایک عالمی مرکز بن چکا ہے، تقریباً 72 ہزار 500 کروڑ پتی، 212 سنٹی ملینیئرز اور 15 ارب پتی اسے اپنا گھر کہتے ہیں، اسی لیے یہاں لگژری ایئر لائنز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے کیوں کہ کمپنیاں ان امیر گاہکوں کی مانگ کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔                           

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں