دبئی میں جدید کیمرے نصب‘ رنگین شیشوں میں بھی فرار ممکن نہیں

سمارٹ کیمروں سے دورانِ ڈرائیونگ فون استعمال کرنے والوں کی پکڑ شروع ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 نومبر 2024 16:53

دبئی میں جدید کیمرے نصب‘ رنگین شیشوں میں بھی فرار ممکن نہیں
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 نومبر2024ء ) دبئی میں جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے پولیس دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والوں کو پکڑ رہی ہے، یہ سسٹم صرف سامنے سے ہی نہیں بلکہ سائیڈ اینگل سے بھی بہت اچھا کام کرتا ہے چاہے گاڑی کے شیشے رنگین ہی کیوں نہ ہوں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سمارٹ اور جدید کیمرے اب حکام کی جانب سے سڑک کی حفاظت کی مختلف خلاف ورزیوں کا پتا لگانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں، اب بھی اگر گاڑی چلانے والے سوچتے ہیں کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اپنے موبائل فون کا استعمال کرسکتے ہیں اور گاڑی کے رنگین شیشوں کی وجہ سے جرمانوں سے بچ جائیں گے تو انہیں دوبارہ سوچنا چاہیے کیوں کہ اب یہ ممکن نہیں رہا چاہے ونڈ شیلڈز بہت زیادہ رنگین ہی کیوں نہ ہوں۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل سیف مہیر المزروعی نے بتایا کہ جدید ترین سمارٹ ٹریفک کیمروں نے حال ہی میں ڈرائیونگ کے سنگین معاملات کی نشاندہی کی ہے، ایک بار تو ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے ایک ساتھ دو فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا، ایک شخص کو سڑک سے توجہ ہٹاکر اخبار پڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جدید نظام کو مختلف خلاف ورزیوں کا پتا لگانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جیسے سیٹ بیلٹ نہ پہننا، موبائل فون کا استعمال اور سڑک سے توجہ ہٹانے والے دیگر امور شامل ہیں۔

انہوں نے گاڑی چلانے والوں کو یاد دلایا کہ گاڑیوں کو ٹریفک کے متعدد جرائم کے لیے 30 دن تک کے لیے ضبط کیا جائے گا، جن میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، ٹیلگیٹنگ اور اچانک لین کی تبدیلی شامل ہے، اس قسم کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو 400 درہم سے 1000 درہم کے درمیان جرمانے اور چار بلیک پوائنٹس کا اضافی جرمانہ ہوگی، اگر گاڑی کی ونڈ سکرین رنگین ہو تو بھی متاثر کن طور پر یہ جدید کیمرے ان خلاف ورزیوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ پکڑ سکتے ہیں۔

اعلیٰ درجے کی اس ٹیکنالوجی کی وضاحت کرتے ہوئے Vitronic Machine Vision کے سی ای او یوسف الحنسلی نے کہا کہ سمارٹ کیمرہ سسٹم یہ پتا لگانے کے بھی قابل ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور مصنوعی ذہانت کے ساتھ جدید فوٹو ٹیکنالوجی کے ذریعے موبائل فون استعمال کررہا ہو، خلاف ورزی کرنے والے کی سامنے والی تصویر لی جاتی ہے اور متحدہ عرب امارات کے حکام اس پر مزید کارروائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ نظام سامنے سے ہی نہیں بلکہ سائیڈ اینگل سے بھی بہت اچھی طرح سے کام کرتا ہے اور یہ گاڑی کے رنگین شیشوں میں سے بھی بہترین انداز میں کام کرنے کے قابل ہے، امارات میں گزشتہ چند سالوں میں مختلف قسم کے سمارٹ ٹریفک انفورسمنٹ کی تیزی سے تعیناتی ہوئی ہے، یہاں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز میں فرنٹ سپیڈ کیمرے، پیچھے کی رفتار والے کیمرے، موبائل فون کا پتا لگانے والے کیمرے، سیٹ بیلٹ کا پتا لگانے والے کیمرے، نیز محفوظ فاصلے کی کمی، لین کے نظم و ضبط اور سرخ ٹریفک سگنل کو عبور کرنے کی خلاف ورزی پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والے کیمرے بھی شامل ہیں۔

یوسف الحنسلی نے مزید بتایا کہ کیمروں کو ٹریفک مینجمنٹ کے حل جیسے سٹی ٹولنگ، ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے ڈیٹا تک رسائی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا غلط استعمال ڈرائیونگ خلاف ورزیوں میں مشغول ہونے کی بنیادی وجہ ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ حکام کے پاس ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کا پتا لگانے کی تکنیکی صلاحیت موجود ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں