دبئی میں بس سٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت دے دی گئی

یہ اقدام دبئی کے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید جدت اور سہولت لانے کے لیے کیا گیا، جس سے مسافروں کو سفر کے دوران انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوگی؛ ترجمان آر ٹی اے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 دسمبر 2024 12:46

دبئی میں بس سٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت دے دی گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 دسمبر 2024ء ) دبئی میں رہائشیوں کو بس سٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت دے دی گئی۔ اماراتی میدیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں آج سے بس سٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت کے لیے مفت وائی فائی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، اس حوالے سے دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر دبئی کے چار بس سٹیشنوں پر آج سے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی جائے گی، پہلے مرحلے میں یہ سروس ابتدائی طور پر ستوا، یونین، الغبیبہ اور گولڈ سوق بس سٹیشنوں پر دستیاب ہوگی۔

آر ٹی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بہت جلد مفت وائی فائی کی سہولت کو دبئی کے دیگر بس سٹیشنوں تک توسیع دی جائے گی، اس سلسلے میں ادارے کی جانب سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے، یہ اقدام دبئی کے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید جدت اور سہولت لانے کے لیے کیا گیا، جس سے مسافروں کو سفر کے دوران انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر صارفین کیلئے مفت انٹرنیٹ کا اعلان کردیا گیا، ٹیلی کام آپریٹر du اور اتصالات نے اپنے صارفین کو متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر مفت ڈیٹا کی آفر دی ہے، ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے والے ادارے du نے متعدد خصوصی پیشکشوں اور پروموشنز کا اعلان کیا ہے، جو 28 نومبر سے 4 دسمبر تک دستیاب ہوں گی۔

بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں du کے تمام پوسٹ پیڈ صارفین سات دنوں کے لیے 53 جی بی ڈیٹا مفت حاصل کر سکیں گے، یہ پیشکش 4 دسمبر تک دستیاب ہے، وہ صارفین جنہوں نے پری پیڈ فلیکسی سالانہ پلانز خریدے ہیں یا اس پر سوئچ کیا ہے انہیں مفت 53 جی بی ڈیٹا ملے گا جو ایک سال کے لیے قابل استعمال ہوگا، اس پیشکش سے 31 دسمبر تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ٹیلی کام آپریٹر ای اینڈ (سابقہ ​​اتصالات) متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر اپنے کچھ صارفین کے لیے مفت 53 جی بی مقامی ڈیٹا پیش کر رہا ہے، تمام پوسٹ پیڈ صارفین اور اماراتی پری پیڈ صارفین کو 53GB مفت مقامی ڈیٹا ملے گا، جو آج 30 نومبر سے 7 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں استعمال کے لیے موزوں ہے، ایسے غیر ملکی جو ای اینڈ پری پیڈ پر ہیں انہیں 30 درہم اور اس سے زیادہ کے آن لائن ریچارج پر 53 فیصد ڈسکاؤنٹ ملے گا، اسے مقامی اور بین الاقوامی کالوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں