امارات کے وزٹ ویزہ کی مانگ اور منظوری میں اضافہ

وزٹ ویزہ پر آنے والوں کو ریٹرن ٹکٹ، رہائش کا ثبوت اور ایک مخصوص رقم اپنے ساتھ رکھنا ضروری ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 جنوری 2025 15:29

امارات کے وزٹ ویزہ کی مانگ اور منظوری میں اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2025ء ) دبئی شاپنگ فیسٹیول کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزہ کی بکنگ میں بڑا اضافہ ہوگیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ٹریول انڈسٹری کے ایگزیکٹوز کا کہنا ہے کہ حال ہی میں وزٹ ویزوں کی منظوری میں اضافہ ہو رہا ہے کیوں کہ درخواست دہندگان تیزی سے تمام ضروری دستاویزات فراہم کر رہے ہیں، اس سے قبل زیادہ تر وزٹ ویزا مسترد کیے جا رہے تھے کیوں کہ درخواست دہندگان قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے، تاہم حکام کے ساتھ ساتھ ٹریول ایجنسیوں کی جانب سے آگاہی مہموں نے وزیٹرز کو قواعد و ضوابط پر عمل کرنے پر مجبور کیا ہے، وزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات آنے والوں کو ریٹرن ٹکٹ، رہائش کا ثبوت اور ایک مخصوص رقم اپنے ساتھ رکھنا ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات خاص طور پر دبئی میں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں، امیر ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں مقامی طور پر سیاحوں کی طرف سے زیادہ اخراجات ہوتے ہیں، 2024ء کے پہلے 11 مہینوں کے دوران 16 ملین سے زائد سیاح دبئی آئے، عرب ورلڈ ٹورازم کے آپریشنز مینیجر شیراس شرف نے کہا کہ ’ان کی فرم نے 2024ء کی آخری سہ ماہی میں وزٹ ویزوں کی منظوری کی شرح میں تقریباً 5 سے 6 فیصد اضافہ دیکھا ہے، یہ اس سے پہلے کے 1 سے 2 فیصد اضافے سے نمایاں طور پر زیادہ ہے‘۔

(جاری ہے)

اسی طرح مسافر ڈاٹ کام میں B2C کے اسسٹنٹ نائب صدر رکین شیٹھ کا کہنا ہے کہ ’دبئی جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ویزہ فروخت ہونے والے مقامات میں سے ایک ہے کیوں کہ لوگ متحدہ عرب امارات جیسے ملک میں اپنے گھر میں محسوس کرتے ہیں، اگر درخواست دہندگان حقیقی دستاویزات منسلک کرتے ہیں تو اس کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ ان کے ویزے مسترد کیے جائیں، لہذا اسی لیے منظوری کی شرحوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاریخی طور پر ہم نے دبئی شاپنگ فیسٹیول کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیشہ سردیوں کے موسم میں کاروبار میں اضافہ دیکھا ہے، ہم آنے والے مہینوں میں سیاحوں کی تعداد میں 20 سے 25 فیصد اضافہ دیکھ رہے ہیں‘۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں