امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے دبئی میں سیر سپاٹے

دیرہ کے علاقہ میں بڑی تعداد میں لوگ انٹرنیٹ سنسیشن کے ساتھ تصاویر بنواتے دکھائی دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 فروری 2025 15:26

امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے دبئی میں سیر سپاٹے
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2025ء ) پاکستانی لڑکے کی محبت میں کراچی پہنچ کر ناکام واپس لوٹنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس ان دنوں دبئی میں بھی مشہور ہوچکی ہیں جہاں لوگوں کی بڑی تعداد ان کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنوانے پہنچ گئی۔ لوان دبئی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں خبروں کی زینت بننے کے بعد بڑے پیمانے پر توجہ کا مرکز بننے والی اپنی کہانی کے ساتھ سوشل میڈیا خاص طور پر ٹک ٹاک پر وائرل ہونے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس اب بھی امریکہ یا کہیں اور نہیں بلکہ دبئی میں ہیں جہاں سیر سپاٹوں کے ساتھ لوگوں کی توجہ حاصل کرچکی ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگ انٹرنیٹ سنسیشن کے ساتھ تصاویر بنواتے دکھائی دیئے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن دبئی کے علاقہ دیرہ میں دکھائی دی گئیں جہاں انہیں دیکھتے ہی ان کے گرد ایک ہجوم جمع ہوگیا اور وہاں موجود لوگ ان کے ساتھ تصویر لینے کے لیے بے چین دکھائی دیئے، جس سے یوں لگتا ہے کہ وہ پاکستان کے بعد دبئی میں بھی کافی مشہور شخصیت بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی کے نوجوان کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو اپنے محبوب سے ملاقات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہونا پڑا تھا امریکی خاتون پاکستان میں تقریباً 120 دن قیام کرنے کے بعد غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 603 سے روانہ ہوئیں، وہ یہاں ہسپتال میں بھی داخل رہیں جہاں انہیں نفسیاتی عارضہ لاحق ہونے کی تصدیق ہوئی، اسی دوران امریکی قونصلیٹ کے عملے نے امریکی خاتون کی ہسپتال میں عیادت کے دوران انہیں واپسی پر آمادہ کیا، امریکی قونصل خانے کی طرف سے ہی خاتون کیلئے ٹکٹ کا بندوبست بھی کیا گیا، پہلے ہر بار واپسی سے انکار کرنے والی اونیجا رابنسن اس بار ائیر پورٹ حکام سے تعاون کرتے ہوئے 4 ماہ بعد بالآخر کراچی کے ہوائی اڈے سے واپس روانہ ہوئیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں