متحدہ عرب امارات:فجیرہ پولیس کی جانب سے شاندار اعلان کر دیا گیا

تین مہینے کے لیے ٹریفک جرمانوں کی شرح میں 50 فیصد کمی کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 جولائی 2018 15:38

متحدہ عرب امارات:فجیرہ پولیس کی جانب سے شاندار اعلان کر دیا گیا
فجیرہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جُولائی 2018) اماراتی ریاست فجیرہ میں کار سواروں کی موجیں لگ گئی ہیں‘ کیونکہ ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں اُنہیں جرمانے کی اصل رقم کی بجائے محض آدھی رقم جمع کرانا ہو گی۔ جبکہ وہ لوگ جن پر ماضی میں ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں‘ وہ بھی اس رعایت سے مستفید ہوتے ہوئے جرمانوں کی مد میں محض 50 فیصد رقم جمع کرائیں گے۔

اس خوشی بھری خبر کا اعلان فجیرہ پولیس کے سینیئر عہدے دار‘ میجر جنرل محمد احمد بن غنیم الکعبی ‘ کمانڈر انچیف فجیرہ پولیس نے آج صبح کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ٹریفک جرمانوں میں کمی کی رعایت یکم جولائی 2018ء سے شروع ہو کر 30 ستمبر 2018ء تک مؤثر رہے گی۔ جس کا دورانیہ 90 دِن پر محیط ہے۔ میجر جنرل غنیم الکعبی کے مطابق عوامی بہبود پر مبنی یہ فیصلہ ’سالِ زید‘ کی تقریبات کے منائے جانے کے موقعے کی مناسبت سے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس رعایت سے اماراتی شہریوں اور غیر مُلکی رہائش پذیر افراددونوں مستفید ہو سکیں گے۔ جبکہ اس رعایت کا ایک مقصد کار ڈرائیوروں کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے حوالے سے اُن میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ایک اور سینئر ٹریفک عہدے دار بریگیڈیئر علی راشد بن عوش الیمنی نے موٹر ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ اس سنہری موقعے کا فائدہ اُٹھائیں اور ماضی میں اُن پر مختلف موقعوں پر جو جرمانے عائد کیے گئے‘ جو آہستہ آہستہ ایک بڑی رقم کا رُوپ دھار گئے‘ وہ ان جرمانوں میں 50 فیصد کمی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے ذمے واجب الادا رقم ادا کر کے پُرسکون ہو جائیں۔

اس اعلان کے جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر اس کی بہت پذیرائی سامنے آ رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اُن پر عائد مختلف معمولی جرمانہ جمع ہو کر ایک بڑی رقم میں تبدیل ہو گئے تھے جس کی ادائیگی کے لیے وہ پریشان تھے تاہم جرمانوں میں 50فیصد رعایت کے اعلان کے بعد اُنہیں اس بوجھ سے آزاد ہونے میں آسانی ہو گئی ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں