فجیرہ کے کسی بھی ٹائپنگ سنٹر سے 6 ماہ کے لیے جاب کی تلاش کا ویزہ حاصل کریں

ویزہ کے خواہشمند حضرات کو GDRFA کے سنٹر پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اگست 2018 16:18

فجیرہ کے کسی بھی ٹائپنگ سنٹر سے 6 ماہ کے لیے جاب کی تلاش کا ویزہ حاصل کریں
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اگست 2018ء) فجیرہ میں مقیم ایسے غیر مُلکی جو ملازمت کی تلاش میں سرگرداں ہیں مگر تاحال اُنہیں اپنے اس مقصد میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی‘ یہ غیر مُلکی افراد جاب تلاش کرنے کے لیے 6 ماہ کا عارضی ویزہ حاصل کرنے کے لیے ریاست میں موجود کسی بھی ٹائپنگ سنٹر کا رُخ کر سکتے ہیں۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارن افیئرز (GDRFA) کے مطابق فجیرہ میں موجود تمام ٹائپنگ سنٹرز کو ادارے کے ساتھ الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے منسلک کر دیا گیا ہے۔

جاب کی تلاش کے لیے 6 ماہ کے عارضی ویزے کے حصول کے خواہش مند کسی بھی ٹائپنگ سنٹر پر جا کر اپنی درخواست جمع کرائیں تو یہ خود بخود ادارے کے ڈیٹا بیس میں درج ہو جائے گی۔جاب کے حصول کے لیے ویزے کے خواہش مندوں کو GDFRA کے سنٹر پر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

فجیرہ میں GDFRA کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیر ڈاکٹر احمد الصغیری نے مزید بتایا کہ فجیرہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ایسے افراد اگر چاہیں تو جِس دِن اُنہیں آؤٹ پاس مِلے‘ اُسی دِن بھی مملکت کو چھوڑ کر اپنے آبائی وطن جا سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آف فارن افیئرز اینڈ پورٹس افیئرز بریگیڈیر سعید بن رکن الرشیدی کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایمنسٹی کے خواہش مند افراد کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا ٹینٹ نصب کیا جائے۔ اس ٹینٹ میں درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے ایئرکنڈیشنر اور واٹر ڈسپنسر بھی نصب کیا جائے گا تاکہ اُنہیں شدید گرمی کے باعث اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بریگیڈیر الصغیری کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر مُلکیوں کی جانب سے اپنے غیر قانونی سٹیٹس کو قانونی حیثیت دینے کے لیے اتنی بڑی گنتی میں ایمنسٹی سنٹرز کا رجوع کیا جا رہا ہے کہ جو ادارے کی توقعات سے بہت زیادہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں