فجیرہ: پارک کے جھولے میں ننھی بچیوں کو ہراساں کرنے والا گرفتار

ہراساں کرنے والا کوئی اور نہیں، پارک کا ہی ٹیکنیشن نکلا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جنوری 2019 14:43

فجیرہ: پارک کے جھولے میں ننھی بچیوں کو ہراساں کرنے والا گرفتار
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری 2019ء) پولیس نے ایک شخص کو دو کم سن لڑکیوں کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم امیوزمنٹ پارک کا ہی ملازم ہے اور وہاں ٹیکنیشن کے عہدے کام کرتا ہے۔ واقعے کے حوالے سے بچیوں کی ماں نے بتایا کہ وہ اپنی دو بیٹیوں اور بھانجی کو لے کر تفریح کی غرض سے امیوزمنٹ پارک گئی تھیں۔

وہاں اُس کی ایک بیٹی اور بھانجی نے ایک الیکٹرانک جھُولا لینے کی فرمائش کی جس پر اُنہیں ٹکٹ دلایا گیا جبکہ فیملی کے باقی افراد جھولے کے مقام سے باہر مخصوص جگہ پر بیٹھ گئے۔ ابھی جھولا چلنے بھی نہیں پایا تھا کہ دونوں بچیاں بڑی گھبرائی اور خوفزدہ حالت میں اُن کے پاس آ گئیں اور بتایا کہ جھولوں کا ایک ٹیکنیکشن اُن کے پاس آیا اور سیٹیں ٹھیک کرنے کے بہانے اُن کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کرتا رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران اُس نامعلوم شخص نے اُن کے جسم کے مختلف حصّوں کو بھی چُھوا۔ اس شخص کے خطرناک ارادوں کو بھانپ کر لڑکیاں جھُولا چلنے سے پہلے ہی وہاں سے بھاگ کھڑی ہوئیں اور اپنے گھر والوں کے پاس پہنچ کر اُنہیں ساری بات سے آگاہ کر دیا۔ اس پر خاتون کو شدید غصّہ آیا۔ اُس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ جس نے موقع پر پہنچ کر نوجوان ٹیکنیشن کو جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

بچیوں نے پولیس اہلکار کے رُوبرو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس شخص نے اُن کی سیٹیں ٹھیک کرنے کے بہانے اُن کے جسم کے مختلف حصّوں کو چھُوا، جس پر وہ جھولا چلنے سے پہلے ہی وہاں سے بھاگ آئیں۔ بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ اُس نے شروع سے ہی اپنی بچیوں کو ایسی تربیت دی ہے کہ اگر کوئی اُن جسم کو غیر مناسب طور پر چھُوئے تو وہ بِنا کسی جھجک کے اپنے والدین کو بتائیں۔ اسی وجہ سے بچیوں نے فوری طور پر آ کراس شرمناک معاملے کا بتا دِیا۔

متعلقہ عنوان :

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں