فجیرہ: فراڈیئے نے بینک کا نمائندہ بن کر خاتون کے اکاؤنٹ سے ہزاروں درہم لُوٹ لیے

سادہ لوح خاتون نے دھوکے باز پر اعتبار کر کے اُسے اپنے بینک کریڈٹ کارڈ اور اس کا پن نمبر بھی بتا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر اگست 13:12

فجیرہ: فراڈیئے نے بینک کا نمائندہ بن کر خاتون کے اکاؤنٹ سے ہزاروں درہم ..
فجیرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اگست 2019ء) متحدہ عرب امارات میں آن لائن دھوکے بازی کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ فجیرہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ایک فراڈیئے کی جانب سے دھوکا دہی کا شکار ہو کر ہزاروں درہم سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فجیرہ میں مقیم ایک غیر مُلکی خاتون کو کسی نامعلوم نمبر سے کال آئی۔ کال کرنے والے نے خود کو ایک مقامی بینک کا کسٹمر سروس کا نمائندہ ظاہر کیا، جس کی خاتون بھی اکاؤنٹ ہولڈر تھی۔

ملزم نے خاتون سے کہا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کر لے۔ اس کے بعد ملزم نے خاتون سے اُس کے اماراتی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی مانگی اور پھر بینک کے کریڈٹ کارڈ کا نمبر بھی پُوچھا۔ خاتون نے فوری طور پر یہ تفصیلات جعلی نمائندے کے بتائے گئے واٹس ایپ نمبر پر بھیج دیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ملزم نے خاتون سے اُس کے کریڈٹ کارڈ کا پِن نمبر بھی مانگا تاکہ وہ اُس کا کریڈٹ کارڈ دوبارہ سے ایکٹیویٹ کر لے۔

سادہ طبیعت خاتون نے بِنا کسی شک کے اُسے واٹس ایپ پر بھیج دیا۔ اگلے روز خاتون کو بینک کی جانب سے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ اُس نے اپنے اکاؤنٹ سے ہزاروں درہم نکال لیے ہیں۔ جب خاتون نے بینک کو کال کر کے اس بارے میں پوچھا تو اُسے بتایا گیا کہ اُس کے اکاؤنٹ سے گزشتہ روز رقم نکالی گئی ہے۔ تب جا کر خاتون کو اندازہ ہوا کہ اُس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ خاتون نے پولیس اسٹیشن میں جا کر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا پتا چلا کر اُسے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے جُرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ اس مقدمے میں ملزم کو اگلی سماعت پر قید کی سزا سُنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments