اماراتی شوہرکو اپنی بیوی کا موبائل فون توڑنا بھاری پڑ گیا

خاتون نے اپنے خاوند کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 15 اگست 2019 10:43

اماراتی شوہرکو اپنی بیوی کا موبائل فون توڑنا بھاری پڑ گیا
فجیرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اگست2019ء) اماراتی ریاست فجیرہ میں مقیم ایک شخص کو اپنی بیوی کا موبائل فون توڑنے کی حرکت نے مصیبت میں پھنسا دیا۔ بیوی نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ خاتون نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ اس کے خاوند نے طیش کی حالت میں اُس کا موبائل فون توڑ دیا ہے جس کے بعد وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کر پا رہی، اسے ایسا لگتا ہے جیسے وہ بہت اکیلی ہو گئی ہے اور دُنیا بھر سے کٹ کر رہ گئی ہے۔

موبائل کی کمی نے اسے ڈپریشن کا شکار بنا دیا ہے۔ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے اماراتی شوہر کو اس حرکت پر سزا دی جائے۔ مُدعی خاتون کے خاوند نے عدالت میں اس بات کا اقرار کیا کہ اُس نے اپنی بیوی کا موبائل غصّے اور اشتعال کی حالت میں توڑ ڈالا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم شوہر کاکہنا تھا کہ بیوی کے زیر استعمال موبائل اُسی نے خرید کر دیا تھا۔ سو اس لحاظ سے بیوی کا یہ دعویٰ ہرگز درست نہیں ہے کہ وہ موبائل اُس کی ذاتی ملکیت تھا۔

اس موقع پر شوہر نے بیوی کے لیے خریدے گئے موبائل کی رسید بھی پیش کی۔ جس سے پتا چلتا تھا کہ یہ موبائل کسی مقامی کمپنی سے قسطوں میں خریدا گیا ہے اور اس کی وہ ابھی تک ماہانہ قسطیں ادا کر رہا تھا۔ شوہر کا اپنی حرکت کے دفاع میں موٴقف تھا کہ اُسے کسی بات پر شدید غصّہ آیا تھا۔ لیکن اس نے اچھا کیا کہ بیوی کو مارنے کی بجائے اس کا موبائل توڑ ڈالا۔ اگر وہ اس پر ہاتھ اُٹھا دیتا تو یہ بہت خراب حرکت ہوتی۔ اس بات پر بیوی کو میرا احسان مند ہونا چاہیے۔ عدالت نے میاں بیوی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلی سماعت تک آپس میں مصالحت کر لیں۔ ورنہ عدالت شوہر کو سزا کا فیصلہ سُنا سکتی ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں