بیوی کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینس کے ڈرائیور پر خاوند کا حملہ

عدالت کی جانب سے ملزم کو ایک سال قید کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 اکتوبر 2019 12:31

بیوی کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینس کے ڈرائیور پر خاوند کا حملہ
فجیرہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اکتوبر2019ء) مقامی عدالت نے ایک خلیجی ملک سے تعلق رکھنے والے باشندے کو آن ڈیوٹی ایمبولینس ڈرائیور پر حملہ کرنے کے جُرم میں ایک سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ عرب ملزم کی بیوی کو ایک میڈیکل ایمرجنسی پیش آئی تو ملزم نے ایمبولینس سروس کو فون کر کے ایمبولینس منگوائی تاکہ اُس کی بیوی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا سکے۔

ایمبولینس سروس کی جانب سے فوری طور پر ایک ایمبولینس پیرا میڈیکل سٹاف کے ہمراہ ملزم کے بتائے گئے پتے پر روانہ کر دی گئی۔ جنہوں نے ایمرجنسی کی شکار خاتون کو ایمبولینس میں منتقل کیا اور وہاں سے روانہ ہونے لگے۔ تاہم، اسی دوران خاتون کا خاوند وہاں پر پہنچ گیا اور اس بات پر اصرار کرنے لگا کہ وہ اپنی بیوی کو ہسپتال نہیں بھیجنا چاہتا، اُسے ایمبولینس سے باہر نکال دیا جائے۔

(جاری ہے)

جب ڈرائیور نے اس کے عجیب و غریب رویئے کی وجہ پوچھی تو خاوند نے کچھ بھی بتانے سے انکار کر دیا۔ ڈرائیور نے ملزم کو بتایا کہ خاتون کی حالت کے پیش نظر اسے یہاں پر چھوڑ کر نہیں جایا جا سکتا، اس لیے اسے ابھی ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ اس بات پر ملزم طیش میں آ گیا اور ڈرائیور کی مار پیٹ کی اس کے بعد زبردستی ایمبولینس میں گھُس کر وہاں سے اپنی بیوی کو گھسیٹتا ہوا باہر لے آیا اور واپس اپنے گھر میں لے گیا۔ ایمبولینس ڈرائیور نے ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں درخواست دے دی، جس کے بعد ملزم خاوند کو گرفتار کر لیا گیا۔ استغاثہ کے الزامات کے جواب میں ملزم اپنے پُرتشدد رویئے کا کوئی جواز پیش کرنے میں ناکام رہا ، جس پر عدالت نے اسے ایک سال کے لیے جیل بھیج دیا۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں