فجیرہ: والدہ کو نائٹ کلب جا کر ناچنے کے طعنے دینے والے نوجوان کو قید کی سزا

والدہ نے بیٹے کے خلاف بدکلامی کرنے پراُس کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 اکتوبر 2019 12:05

فجیرہ: والدہ کو نائٹ کلب جا کر ناچنے کے طعنے دینے والے نوجوان کو قید کی سزا
فجیرہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اکتوبر2019ء ) مقامی عدالت نے ایک نوجوان کو اپنی ماں کی توہین کرنے اور اُس گھر سے نکالنے کی دھمکیاں دینے پر ایک ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ والدہ کی جانب سے بیٹے کے خلاف درج کرائے مقدمے میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اُس کا بیٹا اُسے نائٹ کلب جا کر ناچنے کے طعنے دیتا تھا اور اس سے کئی بار بدکلامی سے بھی پیش آتا تھا۔

خاتون نے مقدمے کی سماعت کے جج سے استدعا کی تھی کہ اس کے نافرمان بیٹے کو جیل بھیجا جائے اور اس پر پچاس ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اُس کے اور بیٹے کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا، تو گُستاخ بیٹے نے اُسے گالیاں دیں اور اس پر چِلاتے ہوئے کہا ”ماں، تمہارے لیے گھر پر رہنے کی بجائے یہی اچھا ہو گا کہ کسی نائٹ کلب میں ٹھکانہ بنا لو۔

(جاری ہے)

“ خاتون کے مطابق میں اپنے بیٹے کی جانب سے یہ انتہائی بے ہودہ الفاظ سُن کر پریشان ہو گئی اور مجھے اتنا زیادہ صدمہ ہوا کہ جسے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی۔ اسی وجہ سے میں چاہتی ہوں کہ میرے بدتمیز بیٹے کو جیل بھیجا جائے اور اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ تاہم عدالت میں پیشی کے دوران بیٹے کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی والدہ کو ایسے خراب کلمات بالکل نہیں بولے۔

دراصل اُس کی والدہ اور والد کے تعلقات کافی عرصے سے خراب چلے آ رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان علیحدگی کے لیے فیملی کورٹ میں کیس بھی چل رہا ہے۔ وقوعہ کے روز وہ والدین میں مصالحت کی خاطر اُن کے پاس موجود تھا۔ اس کے والدین آپس میں کسی بات پر بحث کر رہے تھے۔ میں نے اس معاملے میں والد صاحب کا ساتھ دِیا کیونکہ میرا خیال تھا کہ وہ ٹھیک بات کر رہے تھے۔ بس اسی بات پر والدہ طیش میں آ گئیں۔ میں نے اُنہیں بالکل بھی گالیاں نہیں دیں اور نہ ہی کوئی غلط لفظ بولا ہے۔ انہوں نے میرے خلاف کیس بھی اسی غصے میں دائر کیا ہے کہ میں اپنے والد کی بجائے اُن کا ساتھ کیوں نہیں دیتا۔ عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بیٹے کو قصور وار مانتے ہوئے اسے ایک ماہ قید کی سزا سُنا دی۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں