متحدہ عرب امارات میں سرکاری محکمے کا ڈیٹا ہیک کرنے والا پکڑا گیا

ملزم کی جانب سے اس خلاف قانون حرکت کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 اکتوبر 2019 14:01

متحدہ عرب امارات میں سرکاری محکمے کا ڈیٹا ہیک کرنے والا پکڑا گیا
فجیرہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک سرکاری محکمے کے مخصوص ڈیٹا تک رسائی کر کے اسے ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم ایک کسٹمر سنٹر سروس میں ملازم ہے، جس نے ایک سرکاری محکمے کے مخصوص ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے بعد کچھ ڈیٹا ریکارڈ سے ختم کرنے کی کوشش کی مگر موثر سیکیورٹی سسٹم کے باعث کامیاب نہ ہو سکا۔

اس سرکاری ویب سائٹ کی نگرانی کرنے والی آئی ٹی ٹیم نے جب دیکھا کہ کسی نامعلوم شخص کی جانب سے ڈیٹا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی گئی ہے تو انہوں نے متعلقہ حکام کو اس کی اطلاع دی اور پھر ہیکنگ میں ملوث عرب نوجوان کا پتا چلا کر اُس کے بارے میں پولیس کو اطلاع دے دی گئی۔

(جاری ہے)

جس نے اُسے گرفتار کر لیا۔ جب پولیس نے کسٹمر سروس سنٹر کی مینجر سے گرفتار کیے گئے کسٹمر سروس ایگزیکٹو کی مذموم حرکت کے بارے میں پُوچھا گیا تو اُس نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے ملزم کو ایک سال قبل کانٹریکٹ پر ملازم رکھا تھا، اور اُسے سرکاری درخواستوں کے پراسس کی خاطر ویب سائٹ تک محدود رسائی دی گئی تھی۔

تاہم ملزم نے پیشہ ورانہ بد دیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ مخصوص ڈیٹا تک پہنچ کر اُسے ریکارڈ سے اُڑانے کی کوشش کی۔ ملزم نے ایسا کیوں کیا، اس حوالے سے پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔ تاہم ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس مقدمے کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں