متحدہ عرب امارات میں سیلاب کے نقصانات کے انشورنس کلیم کی نئی ویب سائٹ متعارف کرادی گئی

ایسے لوگ جن کی کاریں ریکارڈ توڑ بارشوں میں سیلاب کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار یا مکمل تباہ ہو چکی ہیں‘ اس ویب سائٹ سے حاصل کردہ رپورٹ کو انشورنس کلیم کیلئے استعمال کرسکیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 اگست 2022 11:20

متحدہ عرب امارات میں سیلاب کے نقصانات کے انشورنس کلیم کی نئی ویب سائٹ متعارف کرادی گئی
فجیرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں سیلاب کے نقصانات کے انشورنس کلیم کی نئی ویب سائٹ متعارف کرادی گئی۔ خلیج ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ امارات میں غیر معمولی سیلاب کے صرف ایک ہفتہ بعد وزارت داخلہ نے فجیرہ میں کار مالکان کے لیے اپنی تباہ شدہ گاڑیوں کے واقعے کی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ شروع کی ہے، وہ لوگ جن کی کاریں ریکارڈ توڑ بارشوں کے دوران آنے والے سیلاب کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں یا تباہ ہو چکی ہیں وہ اس رپورٹ کو انشورنس کا دعویٰ کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ تباہ شدہ کار کی تفصیلات اپ لوڈ کرنے کے لیے شروع کی گئی ویب سائٹ https://eservice.fujairahpolice.gov.ae/Services/eservicecard.aspx ہے، جہاں کار مالکان کو اپنی تباہ شدہ کاروں کی تصویر اور رجسٹریشن کارڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا ہوگا ، جو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے، اس سروس کی فیس 20 درہم ہے جہاں گاڑی کی تفصیلات جمع ہونے کے بعد صارف کو ایک رجسٹریشن نمبر جاری کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے 16 سال سے فجیرہ کے رہائشی سری کمار نے کہا کہ یہ واقعی ایک آسان عمل ہے، میں نے آج اپنی تفصیلات جمع کرائی ہیں اور میں رپورٹ کا انتظار کر رہا ہوں، میں شکر گزار ہوں کہ مجھے ایسا کرنے کے لیے قطار میں کھڑے ہونے یا کہیں جانے کی ضرورت نہیں پڑی۔ سیلاب کے دوران اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں بھارتی تارک وطن نے بتایا کہ وہ بارش کے دن خورفکن جا رہا تھا کہ اچانک سیلاب آ گیا، پانی کار میں داخل ہونے لگا اور اس سے پہلے کہ میں سنبھلتا میرے اسٹیئرنگ وہیل تک پانی تھا، میں پانی کے زور کی وجہ سے دروازہ کھولنے سے بھی قاصر تھا ، آخر کار میں نے اپنا موبائل اور لیپ ٹاپ پکڑا اور کھڑکی سے باہر چھلانگ لگا دی جب کہ میری گاڑی کو بعد میں پولیس کی گاڑیوں نے کھینچ کر نکالا، ایک بار جب مجھے رپورٹ مل جائے گی تو میں اپنی کار کو گیراج تک لے جا سکتا ہوں اور اس بات کا اندازہ لگا سکتا ہوں کہ اسے کتنا نقصان پہنچا ہے۔

انشورنس انڈسٹری میں کام سراج نے بتایا کہ ایک بار کار کے مالک کے پاس رپورٹ آنے کے بعد وہ اپنی کاروں کی مرمت کے لیے اپنی انشورنس کمپنی سے رجوع کر سکتے ہیں، رپورٹ جاری ہونے میں 2 سے 3 کاروباری دن لگ سکتے ہیں، عام طور پر تو یہ ہوتا ہے کہ انشورنس کمپنی اس کے بعد ایک ریکوری گاڑی بھیجے گی اور کار کو منظور شدہ گیراج میں لے جائے گی جہاں سے مکینکس مشورہ دیں گے کہ آیا کار قابل مرمت ہے یا اسے مکمل نقصان سمجھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے 27 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں فجیرہ، شارجہ اور راس الخیمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا، اس دوران مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 5 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں اور بہت سے لوگ بے گھر ہوئے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں