متحدہ عرب امارات؛ سیلاب میں ہزاروں غیرملکی پاسپورٹ اور اہم دستاویزات کھو بیٹھے

تمام قومیتوں کے تارکین وطن نے پاسپورٹ، تصدیق شدہ تعلیمی دستاویزات، پیدائش و شادی کے سرٹیفیکیٹس اور تجارتی لائسنس کو نقصان پہنچنے پر سفارتخانوں سے مدد مانگ لی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 5 اگست 2022 15:02

متحدہ عرب امارات؛ سیلاب میں ہزاروں غیرملکی پاسپورٹ اور اہم دستاویزات کھو بیٹھے
فجیرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں آنے والے سیلاب کے دوران ہزاروں غیرملکی اپنے پاسپورٹ اور دیگر اہم دستاویزات کھو بیٹھے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق فجیرہ میں سیکڑوں تارکین وطن اپنے سفارتی مشنوں سے مدد کی درخواست کر رہے ہیں کیوں کہ سیلاب سے ان کے پاسپورٹس اور ضروری دستاویزات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، شمالی امارات میں سیلاب سے آنے والی تباہ کاریوں کے بعد تمام قومیتوں کے تارکین وطن پاسپورٹ، تصدیق شدہ تعلیمی دستاویزات، پیدائش اور شادی کے سرٹیفیکیٹس اور تجارتی لائسنس کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دے رہے ہیں، جس کی بناء پر مختلف سماجی تنظیموں کی درخواستوں کے بعد دبئی میں ہندوستانی، پاکستانی اور فلپائن کے سفارتی مشنوں نے سیلاب میں اپنے کاغذات کھونے والے افراد کی مدد کے لیے تعاون شروع کردیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے فجیرہ کے رہائشی علی نے کہا کہ ہمارے پورے خاندان کے پاسپورٹ اس وقت خراب ہو گئے جب ہم بہتے پانی سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے، ہم نے مجموعی طور پر پانچ پاسپورٹ کھو دیے، جن میں میری بیوی، میرے دو بچے، میرے نواسے اور میرا ذاتی پاسپورٹ شامل ہے، میری بڑی بیٹی اور اس کا بچہ ہندوستان سے دورے پر آئے تھے اور انہیں اگلے ماہ واپس جانا ہوگا جس کی وجہ سے میں بہت فکر مند ہوں کہ کیا ہم اس سے پہلے نیا پاسپورٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دستاویزات کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی لیکن ہر جگہ پانی تھا جس کی وجہ سے ہم کچھ نہ کرسکے اور جب گھر میں پانی کی سطح بڑھ گئی تو میں بحفاظت نکلنے سے پہلے صرف اپنا پاسپورٹ ساتھ لے سکا، مجھے امید ہے کہ قونصل خانے کے اہلکار ہماری مدد کریں گے، ہمیں پہلے ہی فرنیچر اور سامان میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہی کچھ افراد جنہوں نے اپنے کاغذات کھو دیے ہیں، انہوں نے گمشدہ یا خراب پاسپورٹ کو تبدیل کرنے کے لیے اس پر آنے والی لاگت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کیوں کہ گمشدہ یا خراب ہندوستانی پاسپورٹ کو تبدیل کرنے کی فیس تقریباً 570 درہم ہے جب کہ فلپائنی پاسپورٹ کے لیے پاسپورٹ کی قسم پر منحصر ہے اور یہ فیس تقریباً 360 اور 600 درہم کے درمیان ہے، اسی طرح پاکستانی شہریوں کو پہلی بار گم یا خراب ہونے والے دس سالہ پاسپورٹ کے لیے 250 درہم ادا کرنا ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ فجیرہ میں ایک کمپنی نے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 80 ملازمین کے پاسپورٹ کھو دیے، ان دستاویزات کو تبدیل کرنے میں ان کو بہت زیادہ خرچ کرنا پڑے گا تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قونصل خانہ ان پاسپورٹس کو دوبارہ جاری کرنے کی لاگت کو کم کرے گا کیوں کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں