راس الخیمہ کے پہاڑی علاقے میں خوفناک ٹریفک حادثہ

کار کے قلابازیاں کھانے سے ایک ایشیائی شخص ہلاک ، 4 زخمی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 دسمبر 2018 12:32

راس الخیمہ کے پہاڑی علاقے میں خوفناک ٹریفک حادثہ
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21دسمبر2018ء ) راس الخیمہ میں ایک افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور 4 زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔ یہ واقعہ پہاڑی علاقے کی ایک دُور دراز سڑک پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پانچ افراد ایک گاڑی میں سوار ہو کر کہیں جا رہے تھے کہ اچانک گاڑی قابو سے باہر ہو کر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا گری جس کے باعث ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ باقی کے چار افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔

راس الخیمہ پولیس کے سنٹرل آپریشنز رُوم کو جیسے ہی حاد ثے کی اطلاع مِلی تو جائے حادثہ پر فوری طور پر ٹریفک پٹرول کی ٹیم، ایمبولینسز، طبی امداد کا عملہ، سول ڈیفنس کے اہلکار اور ریسکیو ٹیم روانہ کر دی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ڈرائیور سٹیئرنگ پر کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا کر اُلٹ گئی۔

(جاری ہے)

اس گاڑی میں سوار پانچوں افراد ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھتے تھے،جن میں سے ایک موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ باقی چاروں کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں علاج کی غرض سے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثات سے بچنے کے لیے حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور ڈرائیونگ کے دوران اپنا تمام تر دھیان سڑک پر رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتِ حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں