راس الخیمہ: لڑکی کا پیچھا کرنے اورہراساں کرنے والا نوجوان پکڑا گیا

ملزم کے خلاف اخلاقی عدالت میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جنوری 12:47

راس الخیمہ: لڑکی کا پیچھا کرنے اورہراساں کرنے والا نوجوان پکڑا گیا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری 2019ء) ایک عرب لڑکی نے خود کو پریشان کرنے والے ایک عرب نوجوان کے خلاف ہراسگی اور تعاقب کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اخلاقی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ملزم کئی ہفتوں سے مسلسل اُس کا پیچھا کر کے اُسے مستقل پریشان کر رہا تھا۔ جب بھی لڑکی اپنی گاڑی پر واپس گھر آ رہی ہوتی تو مذکورہ نوجوان اپنی گاڑی پر اُس کا پیچھا کرتا اور لڑکی سے اُس کا موبائل نمبر مانگتا۔

جب کئی روز کی خواری کے بعد بھی لڑکی نے نوجوان کو اپنا رابطہ نمبر نہ دیا۔ تو عاشقی کا دعویٰ کرنے والا یہ نوجوان آپے سے باہر ہو گیا اور ایک روز اپنی گاڑی لڑکی کی گاڑی سے ٹکرا دی جس سے گاڑی کی حالت خراب ہو گئی۔ استغاثہ کے مطابق تین ہفتے قبل ملزم نے دسمبر 2018ء میں لڑکی کو اُس وقت روک کر اُس کا نمبر مانگا جب وہ ایک کیفے سے باہر آ رہی تھی۔

(جاری ہے)

نوجوان نے متاثرہ لڑکی کو تین مختلف موقعوں پر اپنا فون نمبر دینا چاہا مگر لڑکی نے ہر بار اُس کی پیشکش ٹھُکرا دی اور اپنا نمبر بھی فراہم نہ کیا۔ مگر اس ڈھیٹ نوجوان نے پھر بھی ہار نہ مانی اور اُس کا تعاقب کرتے کرتے گھر تک چلا آیا۔ نوجوان کی دیدہ دلیری دیکھیے کہ اُس نے گاڑی گھر کے باہر کھڑی کرنے کی بجائے سیدھا لڑکی کے گھر میں بنے پارکنگ ایریا میں ہی گھُسا دی۔

نوجوان نے اپنی گاڑی لڑکی کی گاڑی میں زور سے دے ماری۔ یہ سب گھٹیا حرکات پاس کی ایک بلڈنگ میں لگے کلوز سرکٹ کیمروں میں بھی ریکارڈ ہو گئیں۔ تاہم نوجوان نے عدالت میں اپنے خلاف عائد تمام الزامات کو غلط قرار دے دیا۔ اُس کا کہنا تھا کہ وہ ہرگز لڑکی کے پیچھے نہیں گیا۔ کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں نے اُس کی کار سے ملتی جُلتی کسی اور کار کو ریکارڈ کیا ہے۔ وہ وقوعے کے روز اُس کے علاقے میں نہیں گیا تھا۔ اگلی سماعت پر مقدمے کا فیصلہ سُنا دیا جائے گا۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments