راس الخیمہ: انجینئر ساتھی ملازمہ سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر گرفتار

پولیس کے مطابق ملزم کی بہن کمپنی کی باس ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 فروری 2019 14:11

راس الخیمہ: انجینئر ساتھی ملازمہ سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر گرفتار
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری 2019ء ) راس الخیمہ پولیس نے ایک غیر مُلکی مکینیکل انجینئر کو اپنی ساتھی ملازمہ کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنی بہن کی کمپنی میں ملازم تھا۔ اُس کے دفتر میں ہی ایک خاتون ملازمت کرتی تھی۔ ملزم نے اس خاتون کو ایک روز موقع پا کر زبردستی پکڑ لیا، اُس سے بوس و کنار کی، اور ساتھ چمٹانے کے علاوہ اُس کے جسم کے مختلف حصّوں سے بھی کھیلتا رہا۔

خاتون نے اس واقعے کے اطلاع پولیس کو دی، مگر پھر اس وجہ سے اپنی درخواست واپس لے لی، کیونکہ ملزم کی بہن اُس کمپنی کی باس تھی جہاں جنسی ہراسگی کا شکار ہونے والی یہ خاتون ملازمت کرتی تھی۔ کیونکہ اُسے ملازمت سے برخاست کیے جانے کا خوف تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے بعد بھی بے شرم ملزم اپنی شیطانی حرکات سے باز نہ آیا اور اُسے ایک ماہ بعد پھر جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔

جس پر ملازمہ کا صبر جواب دے گیا اور اُس نے پولیس میں دوبارہ سے ملزم کے خلاف درخواست جمع کروا دی۔ جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔استغاثہ کے مطابق ملزم اس زعم میں مبتلا تھا کہ مظلوم خاتون اپنی نوکری کے چلے جانے کے خوف سے اُس کی دست درازیوں پر احتجاج نہیں کرے گی، تاہم خاتون نے اپنے جنسی استحصال کو روکنے کا ارادہ بنا کر پولیس کو مطلع کیا۔دُوسری جانب ملزم نے اپنی ساتھی ملازمہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ملزم کے وکیل کی جانب سے اپنے مؤکل کی ضمانت پر رہائی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 4 مارچ 2019ء کو ہو گی۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں