اماراتی خاتون کا دلیرانہ اقدام، بھڑکتی آگ میں سے بچوں کو صحیح سلامت باہر نکال لیا

کمرے میں موجود ایئر کنڈیشنر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 مئی 2019 13:18

اماراتی خاتون کا دلیرانہ اقدام، بھڑکتی آگ میں سے بچوں کو صحیح سلامت باہر نکال لیا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16 مئی 2019ء) اماراتی خاتون کی حاضر دماغی اگر وقت پر کام نہ کرتی تو اُس کے تین بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی تھیں۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ راس الخیمہ کے علاقے خزام کے ایک گھر کے کمرے میں نصب ایئر کنڈیشنر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس سے اُٹھنے والا دھُوئیں کی بو جب خاتون کے نتھنوں میں گھُسی تو اُسے کسی خطرے کا احساس ہوا۔

وہ فوری طور پر اُٹھ کر بیٹھ گئی اور یہ دیکھ کر پریشان ہو گئی کہ کمرے کے دروازے کے اُوپر نصب ایئر کنڈیشنر سے آگ کے شعلے نکل رہے تھے۔ جس کے باعث دروازے سے باہر نکلنے کا راستہ بند ہو گیا تھا۔ قریب تھا کہ خاتون اور اُس کے تینوں بچے دھوئیں کی لپیٹ میں آ کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔ خاتون نے بچوں کی زندگی بچانے کے لیے کمرے میں بنی کھڑکی کا شیشہ توڑا اور نیند میں پڑے بچوں کو اپنے ہاتھوں میں اُٹھا کر ایک ایک کر کر کے کھڑکی سے باہر نکالا۔

(جاری ہے)

خاتون کے تینوں بچوں کو کمرے سے باہر نکالنے کے چند لمحوں بعد ہی ایئر کنڈیشنر دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے ٹکڑے پُورے کمرے میں بکھر گئے۔ راس الخیمہ سول ڈیفنس کی ٹیم اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی۔ اور گھر میں بھڑکی آگ پر قابو پالیا۔ سول ڈیفنس کے اہلکار کے مطابق اس واقعے میں بچوں کو صرف کھڑکی کے ٹوٹے ہوئے شیشے میں سے باہر نکالنے کے دوران چند زخم آئے ہیں، باقی اُن کی حالت ٹھیک ٹھاک ہے جبکہ والدہ کے کندھے پر شیشہ لگنے سے زخم آیا ہے۔

سول ڈیفنس محکمے کی جانب سے اماراتی خاتون کی حاضر دماغی اور دلیری کو بے حد سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر خاتون چند لمحوں کی بھی دیر کرتی تو ایئر کنڈیشنر کے پھٹنے کے باعث ان تمام افراد کی جانیں جا سکتی تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 جُون کو ایک خاتون گھر میں آگ بھڑکنے کے باعث اپنے تمام ساتوں کے سات بچے کھو بیٹھی تھی، جن کی عمریں 5 سال سے 13 سال کے درمیان تھی۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں