راس الخیمہ میں بھکاریوں کی شامت آ گئی

رمضان المبارک کے دوران اب تک 18 گداگر گرفتار کیے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 مئی 2019 12:56

راس الخیمہ میں بھکاریوں کی شامت آ گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 مئی 2019ء) راس الخیمہ پولیس کی جانب سے رمضان المبارک مہینے کے دوران پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی ہے۔ ماہِ مقدس میں پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران اب تک 18 سے زائد گداگر گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ راس الخیمہ پولیس آپریشنز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر عبداللہ علی مُنقس نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے گداگروں میں خواتین اور مرد دونوں شامل ہیں جو مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

زیادہ تر بھکاری پرہجوم مقامات، بینکوں، تعلیمی اداروں بازاروں اور مساجد کے قریب بھیک مانگتے پائے گئے، جو اپنی غربت ظاہر کر کے لوگوں سے پیسہ بٹورتے ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران رمضان میں گداگری بڑھ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جگہ جگہ ان منگتوں کے نظر آنے سے ریاست کا امیج خراب ہوتا ہے۔ گداگری کی روک تھام کے لیے بازاروں اور عوامی مقامات پر پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

انسدادِ گداگری مہم کا آغاز یکم رمضان المبارک سے کیا گیا۔ راس الخیمہ میں مقیم عوام سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ اگر اُنہیں کسی مقام پر کوئی بھکاری نظر آئے تو اس کی اطلاع 999یا 901 یا 050 9229667 پر دیں۔ اس مہم کا مقصد لوگوں کو پولیس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی ترغیب دینا اور ریاست کو گداگری سے محفوظ بنانا ہے۔ ایسے لوگ جن کے ذرائع آمدنی محدود ہیں یا وہ متحدہ عرب امارات میں شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، اُنہیں چاہیے کہ وہ فلاحی تنظیموں سے رابطہ کریں۔ جو اُن کے کیس کا جائزہ لے کر اُن کی قانونی طریقے سے بھرپور مالی امداد کرتے ہیں۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں