متحدہ عرب امارات : دو ننھے جڑواں بھائی سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق

اس افسوس ناک واقعے میں مرنے والے دونوں بچوں کی عمریں محض اڑھائی سال تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 جون 2019 11:38

متحدہ عرب امارات : دو ننھے جڑواں بھائی سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،8 جُون2019ء) راس الخیمہ کے علاقے خزام میں ایک انتہائی المناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث دو ننھے بچے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔دونوں اماراتی بچے جُڑواں بھائی تھے جن کی عمریں اڑھائی سال بتائی جاتی ہیں۔ راس الخیمہ پولیس کے سنٹرل آپریشنز روم کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیر محمد سعید الحُمیدی نے بتایا کہ جمعہ کی صبح اُنہیں اطلاع مِلی کہ گزشتہ رات 10 بجے سے دو جڑواں بھائی گم ہو گئے ہیں، جن کا کوئی سُراغ نہیں مِل پا رہا۔

جس پر ایک ٹیم روانہ کی گئی۔ اس ٹیم نے آس پاس کے گھروں میں جب بچوں کو تلاش کیا تو وہ ہمسایہ گھر میں واقع ایک سوئمنگ پول میں بے حِس و حرکت پائے گئے۔ امدادی ٹیم نے دونوں بچوں کو باہر نکال کر اُن میں زندگی کے آثار تلاش کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ وہ کئی گھنٹے قبل ہی دُنیا سے رخصت ہو چکے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں بچوں کی لاشیں ایک قریبی اسپتال کے مردہ خانے میں بھیج دی گئیں، جنہیں بعد میں قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا گیا۔

بچوں کی نماز جنازہ، نماز جمعہ کے بعد شیخ زاید مسجد میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد اُنہیں حُدیبہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس المناک واقعے نے بچوں کے والدین پر غشی طاری کر دی ہے۔ آس پاس کے گھروں میں بھی اس وقت سوگ کی کیفیت ہے۔زندگی کی بہاریں دیکھنے سے پہلے ہی موت کے بے رحم ہاتھوں سے مسلے جانے والے ان ننھے پھولوں کے نام عبداللہ محمد اور زاید محمد بتائے جاتے ہیں۔ بریگیڈیر حُمیدی نے تمام والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے چھوٹی عمر کے بچوں پر ہر وقت نگاہ رکھیں۔ اُنہیں ایک منٹ کے لیے بھی تنہا نہ چھوڑیں اور اُن سے غافل نہ ہوں۔ سوئمنگ پولز کی جانب جانے والے تمام دروازے اور راستے بند رکھیں تاکہ بچوں کے وہاں چلے جانے کی صورت میں کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں