راس الخیمہ میں پولیس اہلکارکے دروازے پر دستک دینے والی گداگر خاتون کی شامت آ گئی

پولیس والے نے بھیک مانگنے کے غیر قانونی جُرم میں دروازے پر کھڑی خاتون کو گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 جون 2019 13:21

راس الخیمہ میں پولیس اہلکارکے دروازے پر دستک دینے والی گداگر خاتون کی شامت آ گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14جُون 2019) متحدہ عرب امارات میں ایک بھکاری خاتون کے ساتھ کچھ ایسا ہو گیا جس کا اُس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرب مُلک سے تعلق رکھنے والی بھکاری خاتون مختلف مکانوں کے دروازے کھٹکھٹا کر اپنی مظلومیت کی داستان سُناتی اور پھر اُن سے کچھ نہ کچھ رقم بطور خیرات وصول کرتی تھی۔

ایسا ہی ایک معمول کا روز تھا۔ جب اس بھکاری خاتون نے ایک مکان کے دروازے پر دستک دی ۔ جونہی دروازہ کھُلا تو وہاں سے ایک مرد باہر آیا اور دروازہ کھٹکھٹانے کی وجہ پوچھی تو خاتون نے اپنے طریقہ واردات کے مطابق اُس سے بھیک مانگی۔ بس اتنا سُننے کی دیر تھی کہ اس مرد نے اُسے وہیں روک لیا اورجب بھکاری خاتون پر یہ انکشاف کیا کہ وہ ایک پولیس اہلکار ہے تو خاتون کی خوف کے مارے زبان بند ہو گئی۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار نے بھکاری خاتون کو اسی وقت گرفتار کر لیا اور اُس کے بیگ کی بھی تلاشی لی جس میں اُسے کپڑوں کے علاوہ بھیک مانگ مانگ کر اکٹھی کی گئی رقم بھی نظر آئی۔ تاہم اس بھکاری خاتون نے عدالت میں سماعت کے دوران اپنے خلاف عائد گداگری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھیک نہیں مانگ رہی تھی، بلکہ اپنی ایک سہیلی کا گھر تلاش کر رہی تھی ، جس دوران اُس نے پولیس اہلکار کے دروازے پر دستک دی تو اس نے اُسے غلط فہمی میں بھکاری جانتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

جب خاتون سے اُس کے بیگ میں موجود کپڑوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو خاتون نے بتایا کہ یہ بیگ اُسے وہیں سڑک پر پڑا مِلا تھا جبکہ بیگ میں موجود رقم اُس کی اپنی تھی۔ واضح رہے کہ 2018ءکے وفاقی انسدادِ گداگری قانون کے تحت بھیک مانگنے پر پانچ ہزار درہم کا جرمانہ اور تین ماہ قید کی سزا بھُگتنا ہو گی۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں