راس الخیمہ: امام مسجد کی 2 سالہ بیٹی ٹریفک حادثے میں اللہ کو پیاری ہو گئی

حادثہ کار بے قابو ہونے پر پیش آیا، بدقسمت بچی والدین کی اکلوتی اولاد تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 جون 2019 11:41

راس الخیمہ: امام مسجد کی 2 سالہ بیٹی ٹریفک حادثے میں اللہ کو پیاری ہو گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 25جُون 2019ء ) راس الخیمہ میں ایک کار کو حادثہ پیش آنے کے باعث دو سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بچی کا بھارتی والد راس الخیمہ کی ایک مسجد میں امام ہے۔چند روز وہ اپنی بیوی اور بچی کے ساتھ اپنی گاڑی پر شہر سے باہر جا رہا تھا۔ جب اُن کی گاڑی شہر سے 6 کلومیٹر دُور پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث کار بھارتی امام مسجد کے قابو سے باہر ہو کر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی اُلٹ گئی۔

جس کے نتیجے میں کار میں سوار 2 سالہ بچی زُلفہ اور اس کے والدین کو شدید چوٹیں آئیں۔ اس واقعے کے اطلاع ملتے ہی سنٹرل آپریشنز روم کی جانب سے ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر بھیج دی گئی۔ تینوں افراد کو سقر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں امام مسجد اور اُس کی بیوی کی جان بچا لی گئی تاہم ننھی بچی کئی روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اللہ کو پیاری ہو گئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کے مطابق اس ٹریفک حادثے کے دوران بچی کے دماغ پر چوٹیں آئی تھیں جو بالآخر اس کی موت کا باعث بنیں۔ بدنصیب بچی اپنے سوگوار والدین کی اکلوتی اولاد تھی۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ضروری کارروائی کے بعد بچی کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی جنہوں نے اُسے راس الخیمہ کے فِلیہ قبرستان میں رشتہ داروں اور ہمسایوں کی موجودگی میں سپُردِ خاک کر دیا۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں