متحدہ عرب امارات میں ٹریفک حادثے میں 4بچوں کی ماں جاں بحق

خاتون کی گاڑی بے قابو ہونے کے باعث سڑک کنارے نصب لوہے کے بیریئر سے ٹکرا گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 جون 2019 13:53

متحدہ عرب امارات میں ٹریفک حادثے میں 4بچوں کی ماں جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 27جُون 2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک انتہائی افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک اماراتی خاتون جاں بحق ہو گئی ہے۔ بدقسمت خاتون 4 بچوں کی ماں تھی جن سے سب سے سے چھوٹا بچہ محض تین ماہ کا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ اماراتی خاتون اپنی گاڑی ڈرائیور کر کے کہیں جا رہی تھی۔ گاڑی میں اُس کی ایک ہم وطن سہیلی بھی سوار تھی۔

اچانک شام کے علاقے میں خاتون کی کار بے قابو ہو کرسڑک کنارے ایک آہنی جنگلے سے جا ٹکرائی اور پھر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا کر اُلٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں فاطمہ نامی ڈرائیور خاتون کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ جو ایک سکول میں ٹیچر تھی۔ جبکہ اُس کی 29 سالہ سہیلی کو بھی معمولی چوٹیں آئیں۔

(جاری ہے)

یہ حادثہ صبح پونے آٹھ بجے کے قریب پیش آیا۔

راس الخیمہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر احمد السام النقبی نے بتایا کہ اس واقعے کے اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ تاہم وہاں پہنچ کر پتا چلا کہ خاتون ڈرائیورشدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی وفات پا گئی تھی۔ خاتون کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ بریگیڈیر النقبی نے ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تمام تر توجہ سڑک پر مرکوز رکھیں اور ایسی کوئی سرگرمی نہ کریں جس سے توجہ چند لمحوں کے لیے بھی سڑک اور سڑک پر موجود گاڑیوں سے ہٹ جائے۔ حدِ رفتار اور دیگر ٹریفک قواعد کی پابندی سے مہلک ٹریفک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں