راس الخیمہ: ننھی پاکستانی بچی کا سر ڈیش ٹکرانے سے موت ہو گئی

حادثے کے وقت غافل والد نے بچی کو سیٹ بیلٹ نہیں باندھ رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 1 جولائی 2019 17:16

راس الخیمہ: ننھی پاکستانی بچی کا سر ڈیش ٹکرانے سے موت ہو گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- یکم جُولائی 2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک انتہائی المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پاکستانی والدین کی اکلوتی بچی اللہ کو پیاری ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ راس الخیمہ کی الذریعہ الحمد نامی سڑک پر پیش آیا جب بچی اپنے والدین کے ساتھ کہیں جا رہی تھی۔ پونے تین سال کی بدنصیب بچی انابابہ کامران کا والد گاڑی چلا رہا تھا جبکہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ والد کے ساتھ والی سیٹ پر سوار تھی۔

راستے میں ایک جگہ پر اچانک گاڑی کی بریک لگی تو ماں کی گود میں بیٹھی بچی کا سر گاڑی کے ڈیش بورڈ سے جا ٹکرایا۔ جس سے بچی کا سر پھٹ گیا اور خون بہنے سے وہ تڑپنے لگی۔ بچی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کے مطابق بچی کے سر پر آنے والی اندرونی چوٹیں اُس کی موت کا سبب بنیں۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کو پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس حادثے کے ذمے دار بچی کے والدین ہیں جنہوں نے بچی کو سیٹ بیلٹ نہیں باندھ رکھی تھی۔ اگر یہ خلاف ورزی نہ کی گئی ہوتی تو آج بچی بالکل محفوظ اپنے والدین کے ساتھ کھیل کُود رہی ہوتی۔ یقینا یہ ایک مجرمانہ غفلت ہے جس کی پاداش میں والدین کے خلاف مقدمہ بھی چلایا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ آج سے چند روز پہلے بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں بھارت سے تعلق رکھنے والے امام مسجد کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے سبب اُن کی تین سالہ اکلوتی بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔ اس واقعے میں امام مسجد اور اُس کی بیوی کو بھی معمولی چوٹیں آئی تھیں۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں