راس الخیمہ :ٹیکسی میں سوار مسافر ڈرائیور سے نقدی اور ٹیکسی چھین کر فرار ہو گیا

مسافر کے بتائے راستے پر نہ جانے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس دوران مسافر نے واردات انجام دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 2 جولائی 2019 13:12

راس الخیمہ :ٹیکسی میں سوار مسافر ڈرائیور سے نقدی اور ٹیکسی چھین کر فرار ہو گیا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 2 جُولائی 2019ء) راس الخیمہ پولیس نے ایک ٹیکسی ڈرائیور کی ٹیکسی اور نقدی لُوٹنے کے جُرم میں ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم مسافر نے ٹیکسی ڈرائیور کو دُوسری اماراتی ریاست میں جانے کے لیے معاملہ طے کیا تھا۔ تاہم ڈرائیور نے مسافر کے بتائے گئے مخصوص راستے سے سفر کرنے سے انکار کر دیا۔

جس پر دونوں کے درمیان تُند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تھوڑی دیر بعد پیچھے بیٹھا مسافر ڈرائیور پر حملہ آور ہو گیا۔ اس اچانک حملے سے گھبرا کر ڈرائیور نے گاڑی روک دی اور وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ ڈرائیور کا خیال تھا کہ مسافر بھی ٹیکسی سے نکل کر چلا جائے گا۔ مگر تھوڑی دُور جا کر جب اُس نے ٹیکسی کی جانب نظر دوڑائی تو وہ وہاں سے جا چکی تھی۔

(جاری ہے)

ڈرائیور کو سمجھ آ گئی کہ مسافر اُس کی ٹیکسی لے کر فرار ہو گیا ہے۔ ٹیکسی میں ڈرائیور کی جانب سے اس روز کی کمائی گئی رقم بھی موجود تھی۔ اس صورتِ حال پر ڈرائیور نے قریبی پولیس اسٹیشن کو جا کر سارے معاملے سے آگاہ کیا۔ آخر ڈرائیور کی جانب سے مسافر کے بتائے گئے حُلیے اور دیگر تفصیلات سے اُسے ایک اماراتی ریاست سے گرفتار کر لیا گیا۔ ڈرائیور نے عدالت کو بتایا کہ مسافر اُسے جس راستے سے لے جانا چاہتا تھا وہ سفر کے لیے محفوظ نہیں تھا۔ اسی وجہ سے اُس نے مسافر کو انکار کیا تو وہ مشتعل ہو گیا۔ اور اسی اشتعال کے بہانے اُس نے اپنی واردات انجام دیتے ہوئے اُس کی ٹیکسی اور اُس میں موجود رقم لے کر بھاگ گیا۔ ملزم مسافر نے اپنے لیے وکیل کرنے کی مہلت مانگ لی ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں