راس الخیمہ: تیز رفتار کار کی زد میں آ کر عرب لڑکی جاں بحق

لڑکی کی زیبرا کراسنگ کی بجائے غیر مخصو ص مقام سے سڑک پار کرنے کی غلطی جان لیوا ثابت ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 جولائی 2019 15:57

راس الخیمہ: تیز رفتار کار کی زد میں آ کر عرب لڑکی جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2019ء) راس الخیمہ کے علاقے خُزام میں گزشتہ رات کو ایک جان لیوا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک نوجوان عرب لڑکی تیز رفتار کار کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی ہے۔ راس الخیمہ پولیس کے کنٹرول رُوم کو جونہی واقعے کی اطلاع مِلی تو فوری طور پر ایک ٹریفک پٹرول، ایمبولینس، طبی امداد اور ریسکیو کی ٹیم موقع پر روانہ کر دی گئی۔

تاہم جائے حادثہ پر پہنچ کر پتا چلا کہ لڑکی کی حالت بہت تشویش ناک ہے۔ جس کے بعد اُسے فوری طور پر سقر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لے جایا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے اُس کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔جس کے بعد اُس کی میت کو ہسپتال کے مُردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ بدقسمت لڑکی علاقے کے ایک بیوٹی سیلون میں ملازمت کرتی تھی اور اپنا کام ختم کرنے کے بعد گھر واپس جا رہی تھی کہ اُس کے ساتھ یہ جان لیوا حادثہ پیش آ گیا۔ تفتیش سے پتا چلا کہ لڑکی نے سڑک کو ایسی جگہ سے پار کرنے کی کوشش کی جو راہگیروں کے لیے مخصوص نہیں تھی۔ اُس کی یہی غلطی اُس کی موت کا سبب بن گئی۔ جبکہ اس معاملے میں کچھ قصور ڈرائیور کا بھی نظر آتا ہے جو تیز رفتاری کے باعث کار کو فوری طور پر نہ روک سکا اور بدقسمت لڑکی اس کار کے نیچے آ کر بُری طرح کُچلی گئی۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں