عرب خاتون نے اپنی سگی بہن کے خلاف زیور چوری کا مقدمہ درج کرا دیا

ملزمہ کا کہنا تھا کہ یہ زیور اُن کی والدہ کی ملکیت تھے، اس لیے دونوں بہنوں کا ان پر برابر کا حق بنتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 15 اگست 2019 11:22

عرب خاتون نے اپنی سگی بہن کے خلاف زیور چوری کا مقدمہ درج کرا دیا
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اگست2019ء) اماراتی ریاست راس الخیمہ میں ایک عرب خاتون نے اپنی سگی بہن کے خلاف چوری کا پرچہ کٹوا دیا ہے۔ خاتون نے موٴقف اختیار کیا کہ اُس کی بڑی بہن اُس کے قیمتی طلائی زیورات چُرا کر لے گئی ہے۔خاتون کے مطابق اُس کی بڑی بہن اُس کے گھر کچھ دِنوں کے لیے رہنے آئی تھی، اسی دوران اس نے یہ واردات انجام دی۔

اُسے اس بات کا ایک ماہ بعد پتا چلا۔ تاہم 50 سالہ ملزمہ نے عدالت کو بتایا کہ اُس نے اپنی بہن کے گھر سے زیورات لیے ہیں، چُرائے نہیں۔ کیونکہ یہ زیورات اُن کی والدہ کے تھے۔ اس لحاظ سے ان زیورات پر دونوں بہنوں کا برابر کا حق تھا۔ مگر اس کی بہن نے زبردستی یہ زیورات اپنے پاس چھُپا رکھے تھے اور اُس کا حصہ دینے کو تیار نہ تھی۔

(جاری ہے)

اس لیے اُس نے اپنی والدہ کی وفات کے بعد اپنے حصّے کے زیورات اُس کے گھر میں رہائش کے دوران وہاں سے لے لیے۔

اس میں چوری کا بھلا کیا معاملہ ہے۔ جبکہ مقدمہ درج کرانے والی خاتون کا عدالت میں اصرار تھا کہ یہ زیورات اُس کے اپنے تھے۔ اُس نے یہ خود ہی خریدے تھے۔ ان کا والدہ سے کوئی تعلق نہ تھا۔ تاہم بعد میں اس خاتون نے عدالت کے روبرو اعتراف کر لیا کہ یہ زیورات اُن کی ماں کے تھے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ اسی حالت کے زیر اس نے اپنی بہن کے خلاف بیان دیا۔ عدالت نے دونوں بہنوں کو صلح کے لیے وقت دیا ہے، مگر انہوں نے آپس میں مصالحت سے انکار کر دیا ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلی سماعت میں سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں