متحدہ عرب امارات میں مٹھائیوں کی آڑ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

راس الخیمہ ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے مٹھائیوں کے ڈبوں میں چھپائی گئی کئی کلو گرام ہیروئن پکڑ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 اکتوبر 2019 12:13

متحدہ عرب امارات میں مٹھائیوں کی آڑ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
راس الخیمہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7 اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹم حکام کے مطابق یہ منشیات روایتی مٹھائی کے ڈبوں میں چھُپائی گئی تھی۔ راس الخیمہ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد المہریزی نے کہا کہ ایئرپورٹ پر سامان کی سکیننگ پر تعینات ایک کسٹم اہلکار کو شک ہوا کہ ایک ڈبے میں کچھ مشکوک سامان موجود ہے۔

جبکہ اس سامان کے مالک سے جب پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ اس کے اندر مٹھائی ہے، تاہم جواب دینے کے دوران وہ بہت گھبرایا ہوا نظر آیا، جس نے کسٹم اہلکار کے شکوک و شبہات کو بڑھا دیا۔ جس کے باعث اس سامان کو باقاعدہ کھول کر چیک کیا گیا تو اُوپر کے ڈبوں میں تو مٹھائی تھی مگر نچلے کچھ ڈبوں میں کوئی مشکوک سا مواد نظر آیا۔

(جاری ہے)

جس کی چیکنگ کی گئی تو پتا چلا کہ یہ مٹھائی نہیں، بلکہ منشیات ہے۔

جس کے بعد اس عرب مسافر کو گرفتار کر کے اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈاکٹر محمد المہریزی نے بتایا کہ راس الخیمہ کا کسٹم ڈیپارٹمنٹ پوری ذمہ داری سے کام کرتا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سکیننگ ڈیوائسز اور ماہر انسپکٹرز کے باعث ایئر پورٹ سے منشیات لے جانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ راس الخیمہ کی عدالت کی جانب سے چند روز قبل منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک ڈرگ ڈیلر کو 10 سال قید کی سزا سُنائی گئی تھی، اس کے علاوہ اس پر 50ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں