متحدہ عرب امارات جانا ہے تو قومی ایئرلائن سے جائیے‘ کرایہ صرف 100 درہم

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے راس الخیمہ کے لیے فضائی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دے دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:14

متحدہ عرب امارات جانا ہے تو قومی ایئرلائن سے جائیے‘ کرایہ صرف 100 درہم
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے راس الخیمہ کے لیے فضائی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دے دی ، پاکستان کی قومی ایئر لائن نے ملک کے مختلف شہروں سے راس الخیمہ جانے کے لیے 100 درہم کرایہ متعارف کرادیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے راس الخیمہ سے پاکستان کے بڑے شہروں کے لیے خصوصی ہوائی کرایوں کا اعلان کیا ہے جس کی قیمت 100 درہم ہے ، اس حوالے سے پاکستان کے قومی کیریئر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ راس الخیمہ کے مسافر اسلام آباد اور پشاور کے لیے کم سے کم 100 درہم میں پروازیں بک کر سکتے ہیں ، مسافروں کو ان پروازوں میں 30 کلو مفت سامان لے کر جانے کی بھی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کیلئے اپنے فلائٹ آپریشن سے متعلق بڑا اعلان کیا ہے ، پی آئی اے 18 برس کے طویل وقفے کے بعد متحدہ عرب امارات کے اہم ترین علاقے راس الخیمہ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے جا رہی ہے ، اس حوالے سے راس الخیمہ ائیرپورٹ پر ایک ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کے لیے پروازوں میں اضافہ کیا ، جو کہ راس الخیمہ کو جنوبی ایشیائی ملک کے چار بڑے شہروں اسلام آباد ، پشاور ، لاہور اور کراچی سے جوڑتا ہے ، راس الخیمہ کیلئے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کے دوبارہ آغاز سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کو کافی آسانی ہو گی جب کہ پی آئی اے پہلے ہی تمام بڑے پاکستانی شہروں سے دبئی ، شارجہ اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف امارات کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے تمام مسافروں کو پاس ٹریک موبائل ایپ یا ویب پورٹل اور 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج کے ذریعے اپنی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی ، پاکستان نے صرف ویکسین والے غیر ملکی مسافروں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے ، جب کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے باشندوں کو کچھ شرائط کے تحت واپس آنے کی اجازت دی ہے ، جس میں وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کی پیشگی منظوری ، 48 گھنٹوں کی درستگی کے ساتھ منفی پی سی آر ٹیسٹ اور پرواز کے روانگی سے 6 گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ شامل ہیں۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں