شارجہ: ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی

سوشل میڈیا سائٹس پر50 فیصد رعایت والا پوسٹ کیا گیا اشتہار پُرانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 دسمبر 2018 13:01

شارجہ: ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 دسمبر 2018ء) جنرل ڈائریکٹوریٹ آف شارجہ پولیس کی جانب سے ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کے حوالے سے وضاحت سامنے آئی ہے۔ یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کچھ افواہ پر مبنی پوسٹس کے جواب میں دی گئی ہے۔ شارجہ پولیس کی جانب سے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ٹریفک جرمانوں میں رعایت کا اشتہار نیا نہیں، بلکہ پُرانا ہے، جو اکتوبر 2017ء میں شائع کیا گیا تھا۔

یہ رعایتی اسکیم ختم ہو چکی ہے۔ اس وقت ایسی کوئی رعایتی اسکیم متعارف نہیں کرائی گئی۔ سوشل میڈیا پر کچھ جعلسازوں کی جانب سے پوسٹ کئے جانے والے 50 فیصد رعایت کے اشتہار کو سنجیدہ نہ لیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ٹریفک جرمانوں میں یہ رعایت گولڈن جوبلی کی مناسبت سے دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اگر سوشل میڈیا صارفین ٹریفک پولیس سے منسوب کوئی بھی اشتہار دیکھیں تو اس پر یقین کرنے سے پہلے شارجہ پولیس کی آفیشل ویب سائٹ ضرور چیک کر لیں۔

یا پھر پولیس کے ٹویٹر اور انسٹاگرام پر آفیشل اکاؤنٹس پر بھی اس کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کی جانب سے ٹریفک جرمانوں میں پچاس فیصد رعایت والے اشتہار پوسٹ کیے گئے تھے جن پر شارجہ کے رہائشیوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم پولیس کی حالیہ وضاحت کے بعد بھاری ٹریفک جرمانوں کے شکار افراد کی اُمیدوں پر پانی پھِر گیا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں