شارجہ: بھارتی باشندے کو پندرہ سال بعد گھر جانا نصیب ہو گیا

کیرالا کا رہائشی کیسز میں ملوث ہونے کے باعث امارات میں پھنس گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 دسمبر 2018 14:29

شارجہ: بھارتی باشندے کو پندرہ سال بعد گھر جانا نصیب ہو گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 دسمبر 2018ء) بھارت کے شہری تھزاتھیتھلی کو آخر کار پندرہ سال کی اذیت کے بعد وطن واپس لوٹنا نصیب ہو گیا۔ 59 سالہ تھزاتھیتھلی بھارتی ریاست کیرالا کے ضلع کنور کا رہنے والا ہے۔تھزاتھیتھلی کو جب پتا چلا کہ وہ اب ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھانے کے بعد وطن لُوٹنے کو آزاد ہے، جہاں وہ اپنی بیوی، تین بیٹیوں اور پانچ نواسے نواسیوں سے مِل سکے گا تو اُس کے آنکھوں سے خوشی کے آنسوؤں کا ایک سیلاب اُمڈ پڑا۔

تھزاتھیتھلی پہلی بار آج سے 33سال قبل امارات آیا تھا۔ اس کے بعد اُس کا وطن آنا جانا رہا تاہم آخری بار وہ 6 جُون 2004ء کوایک مہینے کی چھُٹیاں منا کر وطن سے واپس شارجہ آیا تو پھر اُسے بھارت جانا نصیب نہ ہوا۔ تھزاتھیتھلی 3 جنوری 2019ء کو اپنی 60ویں سالگرہ منائے گا۔

(جاری ہے)

اُس کا کہنا ہے کہ آج سے چھ مہینے قبل وہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ اُس کا وطن واپس لوٹنے کا خواب حقیقت کا رُوپ دھار سکے گا۔

تاہم حالیہ ایمنسٹی سکیم نے اُس کی ساری مشکلات اور مصیبتوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اس کے لیے وہ اماراتی حکومت اور بھارتی قونصل خانے کا انتہائی مشکور ہے۔ تھزاتھیتلی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اُن دوستوں کا بہت شُکر گزار ہے جنہوں نے اُسے مشکلات کے لمبے دور میں سپورٹ کیا۔ اُن سے جُدا ہونے کا خیال اُسے دُکھی کر رہا ہے، تاہم وطن واپس لوٹنے اور گھر والوں سے ملنے کی خوشی بھی بہت زیادہ ہے۔

تھزاتھیتھلی پہلی بار 1985ء میں باورچی کی حیثیت سے امارات آیا تھا۔ 1997ء میں اُس نے اپناکارپینٹری کا بزنس شروع کیا۔ 2008ء میں اُسے بہت کاروبار میں بہت زیادہ نقصان ہوا اور اس پر لاکھوں روپے کا قرضہ چڑھ گیا جن میں دو لاکھ آٹھ ہزار درہم کے قرضے کے علاوہ دو بینکوں کے کریڈٹ کارڈز کی ایک لاکھ پچپن ہزار درہم کی رقم بھی شامل تھی۔ جس کے باعث اُس پر لیگل کیسز کا اندراج ہو گیا اور اُس کے امارات چھوڑنے پر پابندی عائد ہو گئی۔

2009ء میں اُس کا ویزہ ختم ہو گیا ، اسی سال اُس کا بھارتی پاسپورٹ بھی ایکسپائر ہو گیا۔ آخر اُس نے وکلاء سے رابطہ کیا جنہوں نے اُس کا معاملہ بھارتی قونصل خانے کے گوش گزار کیا۔ آخر کار اُس پر درج مالی معاملات کلیئر کر دیئے گئے اور وہ چند دِنوں میں واپس بھارت لوٹ جائے گا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں