شارجہ میں نیو ایئر نائٹ پر پُورے دس منٹ کی آتشبازی ہو گی

آتشبازی کا یہ شاندار پروگرام رات 12 بجے المجاز واٹر فرنٹ پر کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 دسمبر 2018 16:29

شارجہ میں نیو ایئر نائٹ پر پُورے دس منٹ کی آتشبازی ہو گی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 دسمبر 2018ء) امارات میں نئے سال کی تقریبات منانے کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔ آئندہ پیر یعنی 31 دسمبر کی رات کو شارجہ کے مشہور فیملی تفریحی مقام المجاز واٹر فرنٹ پر آتش بازی اور لائٹ شو کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ آتش بازی کا یہ پروگرام دس منٹ پر محیط ہو گا۔ المجاز واٹر فرنٹ آنے والے افراد روشنیوں اور رنگوں سے بھرپور اس دلفریب پروگرام سے محظوظ ہو سکتے ہیں، جس کا اہتمام شارجہ فاؤنٹین کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

جُونہی 31 دسمبر کی رات 12بجتے ہی سال 2019ء کا آغاز ہو گا، آسمان آتش بازی کے شاندار نظاروں کے باعث منور ہو جائے گا۔ اس موقع پر واٹر فرنٹ کے مقام پر موجود بارہ ریسٹورنٹس کی جانب سے فیملیز کے لیے نئے سال کے جشن کو منانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں آنے والوں کے زبان کے چٹخارے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی ڈِشز بھی موجود ہوں گی۔

واٹر فرنٹ پر ہونے والی آتش بازی کے مظاہرے کو النور آئی لینڈ، دی فلیگ آئی لینڈ اور خالد لیگون کارنیشے سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ المجاز واٹر فرنٹ کی جنرل مینجر مرواہ عبید الشمسی نے بتایا کہ گزشتہ سال واٹر فرنٹ پر نئے سال کا جشن منانے کی غرض سے لوگوں کی بڑی تعداد اکٹھی ہوئی تھی۔ اس بار بھی عوام کی تفریح کی خاطر خصوصی تفریحی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جو لوگ یہاں آنا چاہتے ہیں اُنہیں چاہیے کہ وہ سڑکوں پر بے پناہ رش سے بچنے کے لیے شام ساڑھے آٹھ بجے تک پہنچ جائیں، اور ہماری آؤٹ ڈور تفریحی پروگرامز سے جی بھر کر محظوظ ہوں۔ نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے ہمارے انفارمیشن ڈیسک کے نمبر 06 511 7011 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے اور ریسٹورنٹس، بالکنی سے نظاروں، پارکنگ مقامات کی ایڈوانس بُکنگ کروائی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں