شارجہ میں مقیم خاندان پر نامعلوم فرد کا جان لیوا حملہ

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جنوری 2019 16:35

شارجہ میں مقیم خاندان پر نامعلوم فرد کا جان لیوا حملہ
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری 2019ء) شارجہ کے البُطینہ ضلع کی ایک رہائشی بلڈنگ میں مقیم خاندان کو ایک نامعلوم شخص نے خنجر کے پے در پے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک جبکہ ایک خاتون اور اُس کی بیٹی کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت ایک شخص ایک فلیٹ میں گھُس گیا۔ اس نے پہلے وہاں موجود پچاس سالہ شخص کوخنجر کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا ۔

اور پھر فلیٹ میں موجود33 سالہ خاتون پر بھی حملہ آور ہوا۔جانے اس درندرہ صفت شخص کے ذہن میں کیا بات سمائی تھی کہ اس نے اپنی اس خونخوار کارروائی کے دوران فلیٹ میں موجود پانچ سالہ بچی کو بھی نہ بخشی۔ خاتون اور بچی دونوں چاقوؤں کے کئی وار کے باعث بُری طرح زخمی ہو گئیں۔ جنہیں بعد میں قریب واقع ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ اس لرزہ خیز واردات میں ملوث فرد کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے۔

پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کو القاسمی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ بے رحم شخص نے خاتون کو مجموعی طور پر خنجر سے سات زخم لگائے جن میں سے پیٹ میں لگنے والے وار نے خاتون کی حالت تشویش ناک بنا دی۔ جبکہ بچی کی حالت میں سُدھار آ گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق یہ واقعہ کسی پُرانی دُشمنی کا نتیجہ لگتا ہے جسے انجام دینے والے نے بچی تک کو بھی نہیں بخشا۔ تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور عنقریب اس قاتلانہ واردات کے پسِ پردہ محرکات سامنے آ جائیں گے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں