شارجہ: خاتون گاہک نے ڈلیوری بوائے کو چاقو دکھا کر لُوٹ لیا

دیدہ دلیر لڑکیوں نے ڈلیوری بوائے سے موبائل فون اور آٹھ سو درہم کی رقم ہتھیائی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 مئی 2019 14:04

شارجہ: خاتون گاہک نے ڈلیوری بوائے کو چاقو دکھا کر لُوٹ لیا
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 2 مئی 2019ء) شارجہ میں ایک منفرد واقعہ پیش آیا ہے جس میں دو خواتین نے گھر پر آئے ڈلیوری بوائے کو سامان کی رقم ادا کرنے کی بجائے اُلٹا اُس سے رقم اور موبائل فون چھین کر اُسے بھگا دیا۔ یہ واردات انجام دینے والی دونوں لڑکیوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔متاثرہ ڈلیوری بوائے نے عدالت کو بتایا کہ وہ ایک ریسٹورنٹ پر ملازمت کرتا ہے۔

وقوعے کے روز ایک لڑکی کی جانب سے کھانے کا آرڈر کیا گیا۔ جسے بتائے گئے پتہ پر پہنچانے کے لیے وہ ایک اپارٹمنٹ پر پہنچا۔ جہاں بیل بجانے پر ایک لڑکی باہر آئی اور اُس سے کھانے کا پیکٹ لے کر اندر چلی گئی۔ وہ باہر کھڑا ہو کر رقم کی وصولی کے لیے لڑکی کا انتظار کرنے لگا۔ کافی دیر تک دروازہ نہ کھُلا، تو اُس نے یہی خیال کہ لڑکی پیسے اکٹھے کر رہی ہو گی۔

(جاری ہے)

اسی دوران وہ دوبارہ بیل بجانے والا ہی تھا کہ اچانک تیزی سے دروازہ کھُلا اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ دروازے میں کھڑی دو خواتین نے اچانک اُسے اپارٹمنٹ کے اندر دھکیل لیا او ر پھر اُسے چاقو دکھا کر خوفزدہ کیا۔ ان خواتین نے اُس کے پاس موبائل ہتھیا لیا اور اُس کی جیب میں موجود 800 درہم بھی نکال لیے۔ ڈلیوری بوائے کسی طریقے سے وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور فوری طور پر اپنے ریسٹورنٹ واپس جا کر مینجر کو سارے واقعے سے آگاہ کیا ۔

جس نے شارجہ پولیس کے پاس شکایت درج کرا دی۔ پولیس نے ریسٹورنٹ کی جانب سے فراہم کیے گئے خواتین کے نمبرز پر کال کی تو لڑکی نے ڈر کر اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ تاہم لڑکی کا کہنا تھا کہ اُس نے لڑکے کو فون واپس کر دیا تھا اور وہ اُسے لُوٹی گئی رقم بھی لوٹا دے گی۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 20 مئی 2019ءکو ہو گی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں