شارجہ میں رمضان المبارک میں 30 نئی مساجد کھول دی گئیں

ان نئی مساجد کے قیام کا مقصد رمضان المبارک کے مہینے میں نمازیوں کی بڑی تعداد کو عبادت کی سہولیات فراہم کرنا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 مئی 2019 12:18

شارجہ میں رمضان المبارک میں 30 نئی مساجد کھول دی گئیں
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 7 مئی 2019ء) ادارہ اسلامی امور کے جانب سے شارجہ بھر کے مختلف علاقوں میں یکم رمضان کو 30نئی مساجد کھول دی گئیں۔ یہ نئی مساجد فنِ تعمیر کا شاہکار ہیں جہاں نمازیوں کے لیے جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان نو تعمیر شُدہ مساجد کا مقصد رمضان میں عبادت گزاروں کی بڑی تعداد کو پیش نظر رکھ کر اُنہیں جگہ کی تنگی کے احساس کے بغیر نماز کی سہولت فراہم کرنا ہے جبکہ عید کے اجتماع کے موقع پر بھی ان مساجد پر نمازی عید کی نماز ادا کر سکیں گے۔

رمضان المبارک میں نماز پنجگانہ کے علاوہ تراویح اور تہجد کی غرض سے بھی نمازیوں کی بڑی تعداد مساجد کا رُخ کرتی ہے، عام دِنوں کے مقابلے میں یہ تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ رمضان کے آخری دس دِنوں میں لوگوں کی بڑی گنتی اعتکاف پر بیٹھ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اکثر مساجد میں اعتکاف کے لیے جگہ تنگ ہوتی ہے۔ ان نئی مساجد کے باعث معتکفین کو آسانی ہو گی۔

ان نئی مساجد میں جہاں ایک طرف شاندار قالین بچھائے گئے ہیں، وہاں گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے ایئر کنڈیشنرز اور پارکنگ کی جگہ بھی منصوبہ بند طریقے سے مہیا کی گئی ہے۔ شارجہ میں موجود زیادہ تر مساجد میں مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور نجی اداروں کی جانب سے کارکنوں، کنواروں اور غریب گھرانوں کو مفت افطار کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ شارجہ کے رہائشیوں نے رمضان میں حکومت کی جانب سے نئی مساجد کی سہولت فراہم کرنے پر حکومت کا بہت شکریہ ادا کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس سے عبادت گزاروں کو اکثر مقامات پر جگہ کی تنگی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں