شارجہ میں 6 سالہ بچی اپارٹمنٹ کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی

بچی کے جسم کی متعدد ہڈیاں متاثر ہوئیں ، انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 جون 2019 13:27

شارجہ میں 6 سالہ بچی اپارٹمنٹ کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،4 جُون2019ء) شارجہ کے علاقے مویلی میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ننھی بچی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ مقامی اخبار کے مطابق یہ واقعہ مویلی میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا۔ جہاں تیسری منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ سے چھ سالہ بچی اچانک زمین پر آ گری۔ بچی کو شدید زخمی حالت میں القاسم اسپتال منتقل کیا گیا۔

بچی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بلندی سے گرنے کی وجہ سے بچی کے جسم کی بہت سی ہڈیاں متاثر ہوئیں ہیں۔ ایکسرے رپورٹ میں بچی کے جسم پر کئی فریکچرز سامنے آئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ القاسم اسپتال سے اطلاع مِلی تھی کہ ایک بچی کو شدید زخمی حالت میں وہاں لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بچی اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھیل رہی تھی کہ اچانک نیچے گِر گئی۔

اس وقت اُس کے والدین گھر میں ہی موجود تھے۔ بچی کے والدین کا تعلق بھارت سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے وہاں سے شواہد اکٹھے کر لیے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں لاکھوں افراد بلند و بالا فلیٹس اور اپارٹمنٹس میں مقیم ہیں۔ گزشتہ تین ماہ میں تقریباً 16 بچے سے گر کر جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔ اس نوعیت کے افسوس ناک واقعات کی بڑی وجہ والدین کی لاپرواہی ہے۔ اکثر والدین کے خلاف بھی لاپرواہی کے ضمن میں کئی مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں