شارجہ میں بیوٹی پارلرز اور سیلونز کے خلاف کریک ڈاﺅن

صفائی ستھرائی اور دیگر خلاف ورزیوں کی بناءپر 5 ہزار درہم تک کا جرمانہ کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 جون 2019 11:42

شارجہ میں بیوٹی پارلرز اور سیلونز کے خلاف کریک ڈاﺅن
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،15 جُون 2019ء) شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت میں واقع بیوٹی پارلرز ، سیلونز اور کاسمیٹکس شاپ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وہاں کسی خلاف ورزی کی صورت میں مالکان کو بھاری جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔ اگر کسی مقام پر بار بار کسی خلاف ورزی کی نشاندہی تو اسے عارضی طور پر بند کیا جار ہا ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق اس مہم کا آغاز رمضان المبارک کے مہینے سے ہوا جس کا مقصد شہریوں کی صحت عامہ کا تحفظ اور بیماریوں سے بچاﺅ ہے۔ اس مقصد کے لیے شارجہ اور اس کے مضافات میں درجنوں انسپکٹرز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی بیوٹی سیلون پر زائد المیعاد کاسمیٹک مصنوعات اور خطرناک کیمیکلز کا استعمال پایا گیا تو اس پر جرمانہ عائد ہو گا اس کے کے علاوہ صحت اور صفائی کے ضوابط کی خلاف ورزی پر بھی جرمانہ ہو گا۔

(جاری ہے)

تمام بیوٹی پارلرز اور بیوٹی سیلونز اپنے ہاں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ عوام کی صحت کو خطرات لاحق نہ ہوں۔ ان چھاپوں کے درمیان زائد المیعاد کاسمیٹکس کے علاوہ کالی مہندی اور مضر صحت ڈائی کلرز کے استعمال، ہربل پراڈکٹس پر لیبل کے نہ ہونے، مصنوعات کے رکھنے کے لیے سٹوریج کا مناسب انتظام نہ ہونے اور آلات و اوزار کو ٹھیک طرح سے صاف نہ رکھنے جیسی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

اتھارٹیز نے خبردار کیا ہے کہ کالی مہندی کا استعمال مضر صحت ہے، کیونکہ اس سے خواتین کی جلد پر الرجی کا خطرہ رہتا ہے۔ جبکہ یونیفارم کا استعمال نہ کرنے، ملازمین کے خود کے لیے حفاظتی آلات کی عدم موجودگی، گندے تولیے استعمال میں لانے اور دیگر اشیاءکی تھوڑے تھوڑے عرصے بعد صفائی ستھرائی نہ کرنے کے باعث بھی جرمانے کیے جا رہے ہیں۔میونسپلٹی کے مطابق یہ جرمانے چند سو درہم سے لے کر پانچ ہزار درہم تک کیے جا رہے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں