شارجہ میں غیر قانونی پھیری والوں اور گھر گھر سامان بیچنے والوں کے خلاف کارروائی تیز

مختلف علاقوں سے 31 کے قریب غیر مُلکی افراد گرفتار کر لیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 جون 2019 13:21

شارجہ میں غیر قانونی پھیری والوں اور گھر گھر سامان بیچنے والوں کے خلاف کارروائی تیز
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 22جُون 2019ء) شارجہ پولیس سڑکوں کے کنارے اور گھر گھر جا کر گھٹیا اور غیر معیاری سامان بیچنے والوں کے خلاف متحرک ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ لوگ مشہور برانڈز کے نام پر جعلی سامان بیچ رہے ہیں۔ یہ لوگ سڑک کنارے کھڑ ے ہو کر اور گھر وں کے دروازے کھٹکھٹا کر لوگوں کو اپنے پاس موجود سامان کو اصلی ظاہر کر کے بیچتے ہیں اور عوام کو لبھانے کے لیے جعلی کوپن بھی آفر کرتے ہیں۔

شارجہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ اُنہیں ایسی درجنوں شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ چند دھوکے باز لوگ گلی گلی پھر کر عوام کو غیر معیاری اور جعلی سامان بیچ رہے ہیں اور اُنہیں ساتھ میں جعلی انعام کوپنز کی بھی آفر کرتے ہیں جن سے متاثر ہو کر انعام کے لالچ میں بہت سے لوگ یہ سامان خرید لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

بعد میں پتا چلتا ہے کہ یہ مال غیر معیاری اور ناقابلِ استعمال ہے۔

ان شکایات کے سدباب کے لیے شارجہ بھر میں ایسے پھیری بازوں اور ڈور ٹُو ڈور سیلز مینوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے دوران 31 ایسے دھوکے باز قابو آ گئے اور ان کے پاس موجود جعلی سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔ کئی لوگ ٹریفک اشاروں پر رُکے ڈرائیورز کو بھی سامان بیچتے ہیں۔ جس سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل واقع ہوتا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق مختلف ایشیائی ملکوں سے ہے۔

یہ افراد زیادہ تر پانی کی بوتلیں اور نمکو چپس وغیرہ بیچتے پائے گئے۔ اور کچھ سامان کے ساتھ جعلی انعامی کوپن کا جھانسہ بھی دیتے ہیں۔ ایسے پھیری بازوں اور سیلز مینوں کو اپنا سامان بیچنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے، کیونکہ انہوں نے اس مقصد کے لیے لائسنس حاصل نہیں کیا ہوتا۔ عوام کو چاہیے کہ ایسے پھیری بازوں کے بارے میں پولیس کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ کسی کے پیسے کا ضیاع نہ ہو۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں