دُبئی: محکمہ بجلی کے ملازم کو رشوت کی پیش کش کرنے پر بنگالی اور بھارتی شہری گرفتار

ملزمان نے منقطع کنکشن غیر قانونی طور پر بحال کرنے کے عوض اہلکار کوڈیڑھ لاکھ درہم کی آفر کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 جون 2019 14:20

دُبئی: محکمہ بجلی کے ملازم کو رشوت کی پیش کش کرنے پر بنگالی اور بھارتی شہری گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 22جُون 2019ء) دُبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (Dewa) کی جانب سے ایک بنگلہ دیشی بزنس مین اور اس کے دو بھارتی ملازمین کے خلاف رشوت کی پیش کش کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی تاجر نے اپنے دو بھارتی ملازمین کے ذریعے محکمہ بجلی و پانی کے اہلکار کو آفر دی تھی کہ اگر وہ اس کی رہائشی عمارات کی عدم ادائیگی کے باعث منقطع کیے گئے بجلی و پانی کے کنکشنز بحال کروا دے گا تو اسے بدلے میں ایک لاکھ پینتالیس ہزار درہم کی رقم بطور رشوت دی جائے گی۔

36 سالہ بنگلہ دیشی تاجر کے دُبئی کے مختلف علاقوں میں گیارہ کے قریب وِلاز تھے، ہر وِلا میں اس نے ایک سے زائد خاندانوں کو کرائے کے عوض رہائش دے رکھی تھی۔ جبکہ رہائشی قوانین کے مطابق ایک مکان میں ایک سے زیادہ خاندانوں کو رہائش کی سہولت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

اس وجہ سے دُبئی میونسپلٹی نے قواعد کی خلاف ورزی پر جبکہ محکمہ بجلی نے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث کنکشنز منقطع کر دیئے تھے۔

جب ملزمان نے اہلکار کو منقطع کنکشنز کی غیر قانونی طور پر بحالی کے رشوت کی پیش کش کی تو اس نے اس سارے معاملے سے اپنے اعلیٰ افسران کو آگاہ کر دیا۔ جنہوں نے اُسے مشورہ دیا کہ وہ ملزمان سے جھُوٹ مُوٹ کا تعاون کرتا رہے تاکہ اُنہیں موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرانے میں مدد مِل سکے۔ بعد میں ملزمان نے اہلکار کو رشوت کی رقم دینے کے لیے ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات کا وقت رکھا۔ جہاں پر پولیس نے ان ملزمان کو رشوت کی رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں