شارجہ: ’بیوی مجھے بچوں کے سامنے ذلیل اور گالم گلوچ کرتی ہے‘

خاوند نے گھر والی کے بیوی کے ناروا سلوک سے تنگ آکر مقدمہ درج کرا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 2 جولائی 2019 11:18

شارجہ: ’بیوی مجھے بچوں کے سامنے ذلیل اور گالم گلوچ کرتی ہے‘
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 2 جُولائی 2019ء) ہم لوگ اکثر یہ قصّے سُنتے رہتے ہیں کہ کوئی مظلوم بیوی خاوند کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر آخر اُس کے خلاف خلع کے لیے عدالت پہنچ جاتی ہے یا اُس کے خلاف مار پیٹ کا مقدمہ درج کرا دیتی ہے۔ تاہم دُنیا ایسے مظلوم مردوں سے بھی خالی نہیں جو بیویوں کے ہاتھوں بے انتہا ستائے ہوئے ہیں۔ ایسا ہی بیوی کے ظلم کا شکار ایک خاوند شارجہ میں بھی سامنے آیا ہے جس نے اپنی بیوی کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

عدالت میں مُدعی نے موٴقف اختیار کیا کہ اُس کی بیوی ایک بہت زبان دراز عورت ہے وہ اکثر اُس سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر اُلجھ پڑتی ہے اور اُسے بُرے بُرے القابات اور کلمات سے نوازتی ہے۔ اُس نے کئی بار بیوی کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اُس سے بلاوجہ کی بدکلامی نہ کیا کرے، مگر غصیلی اور لڑاکا بیوی اپنے رویئے میں لچک دکھانے کو تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل بھی اُس نے اپنے بچوں کے سامنے خاوند کے ساتھ ٹھیک ٹھاک بدتمیزی کی، اُس گالیاں دیں اور اُس کی ذات کے بارے میں کئی گھٹیا فقرے بھی کہے۔ ایک عرب مُلک سے تعلق رکھنے والے متاثرہ خاوند کا کہنا تھا کہ اُس کا صبر جواب دے گیا ہے، اُس نے کبھی جھگڑا بڑھانے والی بات نہیں کی۔ ہمیشہ اُس کی بیوی ہی اس معاملے میں پیش پیش ہوتی ہے۔ وہ کوئی نارمل بات بھی کرتی ہے تو بیوی اُس سے چیخ و پکار کرنے لگتی ہے۔

اُس کی ہر بات میں سو سو کیڑے نکالتی ہے۔اس ساری صورتِ حال کے باعث وہ ہر وقت پریشان رہنے لگا ہے۔ مُدعی کی بیوی نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ عدالت نے دونوں میاں بیوی کو مصالحت کے لیے 22 جولائی 2019ء تک کی مہلت دے دی ہے۔ خاوند کا کہنا تھا کہ وہ اگرچہ بہت اذیت میں مبتلاہے مگر اپنے بچوں کی خاطر وہ بیوی سے صلح صفائی کرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں