شارجہ میں بس اور بائیک کے تصادم کے نتیجے میں دو شخص ہلاک

یہ ہولناک حادثہ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ٹریفک اشارے پر نہ رُکنے کے باعث پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 جولائی 2019 13:14

شارجہ میں بس اور بائیک کے تصادم کے نتیجے میں دو شخص ہلاک
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2019ء) شارجہ میں ایک بھیانک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار زندگی سے محروم ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ شام کے وقت انڈسٹریل ایریا میں پیش آیا جب دو موٹر سائیکل سوار بس کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ موٹر سائیکل سواروں کی غفلت کے باعث پیش آیا جنہوں نے ٹریفک سگنل کی سُرخ بتی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سڑک پار کرنے کی کوشش کی، مگر وہ دُوسری جانب سے آنے والی بس سے ٹکرا گئے۔

بس کی زور دار ٹکر کے باعث دونوں افراد بائیک سمیت کئی قلابازیاں کھاتے ہوئے دُور جا گرے۔ رات پونے آٹھ بجے کے قریب ہونے والے اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پٹرولز، ایمبولینسز، ریسکیو ٹیم اور طبی امداد کا عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم جب امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو دونوں افراد مُردہ حالت میں پائے گئے۔ اس حادثے کے باعث بس میں سوار دو افراد بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر کویتی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شارجہ ٹریفک اینڈ پٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ، لیفٹیننٹ کرنل محمد النقبی نے بتایا کہ اس ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سواروں کے پاس لائسنس بھی نہیں تھا۔ شارجہ پولیس نے حال ہی میں اُن غیر لائسنس شُدہ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف نگرانی مہم شروع کی ہے جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ زیادہ تر حادثات موٹر سائیکل سواروں اور سائیکل سواروں کی لاپرواہی کے باعث پیش آتے ہیں۔ ان میں مختلف کمپنیوں کے ڈلیوری بوائز بھی شامل ہیں جو جلد از جلد کام نمٹانے کے جوش میں اکثر ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں