شارجہ میں رہنے والے غیر ذمہ دار لوگ ہوشیار ہو جائیں

گھروں اور اپارٹمنٹس کی بالکنی سے کوڑا پھینکنے والوں کو پانچ سو درہم کا جرمانہ کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اگست 2019 14:21

شارجہ میں رہنے والے غیر ذمہ دار لوگ ہوشیار ہو جائیں
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 اگست 2019ء) شارجہ میں رہنے والے ایسے لوگ جو صفائی سُتھرائی کے معاملے میں لاپرواہ ہیں، یا پھر اپنے گھر کا کوڑا کرکٹ سمیٹ کرسڑک پر پھینک دیتے ہیں، اُن کے لیے میونسپلٹی کی جانب سے بُری خبر سُنا دی گئی ہے۔ شارجہ میونسپلٹی کے شعبہ صفائی کے سربراہ محمد علی الکعبی نے خبردار کیا ہے کہ شارجہ بھر میں کسی بھی مقام پر اگر کوئی شخص اپنے گھر یا اپارٹمنٹ کی بالکنی سے کوڑا کرکٹ پھینکتا پایا گیا تو اُسے جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔

کیونکہ یہ حرکت کسی بھی طرح سے تہذیب کے دائرے میں نہیں آتی اور قانوناً بھی منع ہے۔ اس نوعیت کی خلاف ورزی کرنے والے پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کیونکہ اپنے گھر کا کوڑا اور گند سمیٹ کر اُسے سڑک پر پھینکنے سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اور خصوصاً سیاحوں کے ذہن میں امارات میں بسنے والوں کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اور پھر یہ لوگ اپنے اپنے وطن واپس جا کر بھی یہی بتاتے ہوں گے کہ امارات میں بسنے والے لوگ صفائی سُتھرائی کے معاملے میں بہت خراب ہیں۔ اور یہ سب اُن چند غیر ذمہ دار لوگوں کی وجہ سے ہوتا ہے جو صفائی سے متعلق قوانین کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور بار بار اپنی بالکنی سے کوڑا پھینک کر غیر مہذب ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔ شارجہ میونسپلٹی کی اولین ترجیح میں سے ایک ماحول کو صاف سُتھرا رکھنا ہے۔

گزشتہ دِنوں بھی میونسپلٹی کو کئی افراد کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ اُن کی رہائشی بلڈنگ میں مقیم ہمسائے بہت بے دردی سے کوڑا اور دیگر سامان نیچے پھینک دیتے ہیں جو کئی بار راہگیروں پر بھی جا گرتا ہے۔ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تمام رہائشی بلڈنگز کے مالکان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بلڈنگز میں اس حوالے سے پوسٹرز چسپاں کروائیں۔ میونسپلٹی ایسی اوچھی حرکت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتے گی۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں