شارجہ: پاکستانی باشندے کی مدد نے برطانوی خاتون کوگم شدہ پالتو جانور لوٹا دیا

برطانوی جوڑے نے کُتے کی گمشدگی کی اطلاع سوشل میڈیا پر دے رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 اگست 2019 13:08

شارجہ: پاکستانی باشندے کی مدد نے برطانوی خاتون کوگم شدہ پالتو جانور لوٹا دیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،26 اگست 2019ء) پاکستانی شہری کے خلوص بھرے اقدام نے شارجہ میں حال ہی میں رہائش اختیار کرنے والے برطانوی خاندان کو پریشانی سے نکال دیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی خاتون لیزا سکائز چند روز پہلے اپنے دو بچوں اور خاوند کے ہمراہ متحدہ عرب امارات منتقل ہوئی تھی۔ ان کے ہمراہ اُن کا تین سال کا پالتو کُتا بڈی بھی تھا۔

تاہم اگلے روز ہی اُن کاپالتو کُتا غائب ہو گیا۔ اس فیملی کو اپنے اس پالتو کُتے سے بہت لگاؤ تھا۔ لیزا کا خیال تھا کہ اُن کے گھر کا دروازہ کھُلا رہ گیا ہو گا، جب یہ کُتا دروازے سے باہر نکل گیا۔ اگلے روز یہ پوری فیملی پاگلوں کی طرح شارجہ کے علاقے الناصیہ میں اپنے پالتو کُتے کو ڈھونڈتی رہی، مگر اس کا کوئی سُراغ نہ مِلا۔

(جاری ہے)

جس پر لیزا نے اپنے دونوں بچوں ہیبے اور سڈنی کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپیل کی کہ اگر کسی کو اُن کا کُتا مِلے تو وہ اسے اُن تک پہنچا دے، ایسا کام کرنے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔

اس دوران لیزا نے اپنے خاوند کے ساتھ علاقے کی مساجد، مارکیٹس کا آس پاس کا علاقہ بھی چھان مارا۔ ٹیکسی ڈرائیورز کو بھی پوچھا اور دُکانداروں سے بھی بات کی، مگر کوئی بات نہ بنی۔ آخر تھک ہار کر انہوں نے حیوانات کے تحفظ کے ایک گروپ سے بات کی۔ جس کے بعد کُتے کی تصویر والے پوسٹرز اور پمفلٹ بھی چھاپے گئے جن میں لیزا کی جانب سے کُتا ڈھونڈ کر لانے والے کو دو ہزار درہم بطور انعام دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔

آخر دو روز بعد ایک پاکستانی نے اُن سے رجوع کیا اور بتایا کہ اُس نے اُن کی جانب سے بتائے گئے حُلیے کا کُتا ال جُبیل بس اسٹیشن کے سامنے واقع مچھلی مارکیٹ میں دیکھا ہے۔ یہ اطلاع دینے والا پاکستان نوجوان عابد تھا، جو گزشتہ 12 سالوں سے روزگار کی تلاش میں امارات میں مقیم ہے۔ جب یہ برطانوی خاندان عابد کے ساتھ وہاں پہنچے تو اُنہیں ان کا محبوب کُتا مِل گیا۔

احسان مندی کے جذبے کے تحت انہوں نے عابد کو کیش انعام دینا چاہا تو اس نے انعامی رقم لینے سے صاف انکار کر دیا۔ عابد نے انہیں کہا کہ اُسے بس اس بات کی خوشی ہے کہ ان کا کُتا اُنہیں واپس مِل گیا ہے۔ تاہم برطانوی فیملی کے انتہائی اصرار پر اُس نے نہ چاہتے ہوئے بھی رقم رکھ لی۔ لیزا سکائز نے کہا کہ عابد حقیقت میں ایک اچھا انسان ہے۔ اُسے انعام کی رقم دینے کے لیے بڑی مشکل سے قائل کرنا پڑا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں