شارجہ: 21 افراد کوسستی ٹکٹوں کی فروخت کا جھانسہ دے لُوٹنے والا شخص پکڑا گیا

جب ان لوگوں نے اپنی فلائٹس کے لیے پتا کیا ان پر انکشاف ہوا کہ اُن کے نام سے کوئی بکنگ نہیں ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اگست 2019 15:48

شارجہ: 21 افراد کوسستی ٹکٹوں کی فروخت کا جھانسہ دے لُوٹنے والا شخص پکڑا گیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 اگست 2019ء) شارجہ میں ایک فراڈیئے نے 21 افراد کو سستی ٹکٹیں دلوانے کے بہانے لاکھوں درہم لُوٹ لیے۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ میں مقیم چند غیر مُلکی ملازمین اپنے اپنے وطن واپسی کرنی تھی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دیکھا جس میں سستے داموں ٹکٹ کی آفر کی گئی تھی۔ 21 کے قریب افراد نے اس پوسٹ کو دیکھ کر اس شخص سے رابطہ کیا جس نے بتایا کہ وہ ایک ٹورسٹ کمپنی کے لیے کام کرتا تھا جس کو ایئر لائنز کی جانب سے ٹکٹوں کے کرائے میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔

ان لوگوں نے اعتبار کر کے اس شخص کو لاکھوں درہم کی رقم پکڑا دی۔ فراڈیئے نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی ٹکٹس فوری طور پر بُک ہو جائیں گی۔ اس کے بعد اس شخص نے ان سے کوئی رابطہ نہ کیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ افراد نے اپنی ٹکٹوں کی کنفرمیشن کے لیے جب متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کیا تو یہ خبر سُن کر اُنہیں بہت بڑا جھٹکا لگا کہ ان کے نام پر کوئی ٹکٹس بُک نہیں ہوئی۔

جب ان افراد نے اس شخص سے فون پر بات کرنی چاہی تو اس کا فون بند جا رہا تھا۔ اپنے سامان باندھے واپسی کو تیار یہ لوگ سمجھ گئے کہ ان کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ہو چکا ہے۔ متاثرہ افراد نے فوری طور پر پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی ۔ شارجہ پولیس نے صرف 48 گھنٹے کے اندر اس دھوکے باز شخص کا پتا چلا کر اُسے گرفتار کر لیا۔ اس شخص نے اس دوران اپنی رہائش بھی بدل لی تھی۔ تاہم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے سے نہ بچ سکا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لاکھ درہم کا مقروض ہو چکا تھا، جس کی ادائیگی کے لیے اس نے دھوکا دہی کی اس واردات کا ارتکاب کیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں