شارجہ میں جنرل سٹورز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے مالکان کو اہم ہدایت کر دی گئی

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ رات کو دُکانوں میں ایئر کنڈیشنر بند کر کے جانے والے دُکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 ستمبر 2019 17:37

شارجہ میں جنرل سٹورز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے مالکان کو اہم ہدایت کر دی گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 ستمبر 2019ء) شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے فوڈ آئٹمز رکھنے والی دُکانوں خصوصاً جنرل سٹورز کے مالک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت اپنا ایئر کنڈیشننگ سسٹم آن رکھا کریں ورنہ انہیں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ایئر کنڈیشنر آن نہ کرنے کے باعث کھانے پینے کی بہت سی اشیاء خراب ہو جاتی ہیں۔ شارجہ میونسپلٹی کے مطابق اس حوالے سے فوڈ انسپکٹروں کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

میونسپلٹی کے فوڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عمر المہیری نے بتایا کہ یہ انسپکٹرز چیکنگ کے دوران اس بات کی نگرانی کرتے ہیں کہ کہیں دُکاندار رات کے وقت دُکان بند کرتے وقت اپنے ریفریجریٹرز آف تو نہیں کر دیتے، اگر کوئی دُکاندار اس ہدایت کی خلاف ورزی کرتا پایا جائے، تو اس کے پاس فریزر میں رکھی تمام اشیاء ضبط کر لی جاتی ہیں اور اس کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی بھی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

المہیری نے گاہکوں کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ فروزن مصنوعات خریدتے وقت اس بات کی تسلی کر لیں کہ وہ خاصی ٹھنڈی حالت میں ہیں اور گھر جا کر انہیں کم ٹمپریچر والے مقام پر رکھیں۔ فوڈ انسپکٹرز کی جانب سے یہ کریک ڈاؤن صرف جنرل سٹورز ہی نہیں بلکہ سُپر مارکیٹس، ریسٹورنٹس، کیفے ٹیریاز، کیفیز، فاسٹ فوڈ تیار کرنے اور درآمد کرنے والے اداروں پر بھی کیا جا رہاہے۔میونسپلٹی کے مطابق عوام کی صحت کے معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں