شارجہ میں مقیم پاکستانی خاتون کی خون میں لت پت لاش برآ مد

پاکستانی خاتون دیگر دو پاکستانی مردوں کے ہمراہ ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:54

شارجہ میں مقیم پاکستانی خاتون کی خون میں لت پت لاش برآ مد
شارجہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) شارجہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون اپنے فلیٹ میں مُردہ حالت میں پائی گئی ہے۔ خاتون کی موت خون کی زیادہ مقدار بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ بظاہر لگتا ہے کہ29 سالہ خاتون نے چاقو کی مدد سے اپنی کلائی کی نسیں کاٹ کر خود کُشی کی ہے۔ شارجہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ لگتا ہے خاتون کسی معاملے پر بہت زیادہ پریشان تھی، اسی وجہ سے اُس نے خود کُشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

تاہم خاتون کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے، رپورٹ آنے کے بعد ہی پتا چل سکے گا کہ خاتون نے خود کُشی کی ہے یا کسی نے اُسے قتل کیا ہے۔ یہ واقعہ شارجہ کے علاقے مُویلہ کی ایک رہائشی عمارت میں بنے اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔ پاکستانی خاتون اپارٹمنٹ میں دیگر دو پاکستانی مردوں کے ساتھ کرایہ پر رہتی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق فلیٹ میں مقیم مردوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔

جب پولیس موقع پر پہنچی تو خاتون اپنے کمرے میں خون میں لت پت مُردہ حالت میں پڑی تھی۔ اُس کی کلائی کی نسیں کٹی ہوئی تھیں جن سے خون بہہ رہا تھا اور ساتھ ہی ایک تیز دھار چاقو بھی پڑا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے دونوں پاکستانی مردوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ان سے تفتیش سے یہ بات سامنے آ سکتی ہے کہ خاتون کسی خاص وجہ سے پریشان تھی، یا ان دونوں مردوں نے تو کہیں اُسے قتل کر کے واردات کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش تو نہیں کی۔ جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس بھی لیے گئے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں