شارجہ کے انڈسٹریل ایریا سے غیر مُلکی کی خون میں لت پت لاش برآمد

پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کو چاقو کے متعدد وار کر کے ہلاک کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 31 اکتوبر 2019 16:41

شارجہ کے انڈسٹریل ایریا سے غیر مُلکی کی خون میں لت پت لاش برآمد
شارجہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31اکتوبر2019ء) شارجہ میں ایک غیر مُلکی کی لاش برآمد ہونے پرتارکین وطن کارکنان میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ شارجہ کے انڈسٹریل ایریا میں ایک ویران مقام سے کسی غیر مُلکی کی لاش مِلی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر روانہ کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق مرنے والے نامعلوم شخص کی لاش ایک ویران مقام پر پڑی تھی۔

جو خون میں لت پت تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں فارنزک لیبارٹری میں اس شخص کی موت کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔اس نامعلوم شخص کی شناخت کے لیے اُس کے فنگر پرنٹس استعمال کیے گئے، تو پتا چلا کہ مرنے والا شخص بنگلہ دیش سے تعلق رکھتا تھا جو روزگار کی غرض سے کئی سالوں میں شارجہ میں مقیم تھا۔

(جاری ہے)

اس شخص کو چاقو کے متعدد وار کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔

اس کیس کی تفتیش انڈسٹریل ایریا پولیس کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے گواہیاں اکٹھی کرنے کے لیے مقتول بنگلہ دیشی کے جاننے والوں کو پولیس اسٹیشن بُلا کر اُن سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتول بنگلہ دیشی کو پیٹ کی دائیں جانب چاقو گھونپا گیا، اس کے علاوہ اُس کی بائیں ران اور ہاتھ کی دو اُنگلیوں پر بھی چاقو کے وار کیے گئے۔ پولیس کے مطابق اس قتل کے محرکات اور پس پردہ کرداروں کا جلد پتا چلا لیا جائے گا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں